کراچی میں بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہونے والا ہے، اور شہریوں کو آئندہ دنوں میں گرج چمک اور موسلا دھار بارش کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج دوپہر کے بعد شہر میں بارش کے امکانات موجود ہیں، جو مختلف وقفوں سے اتوار تک جاری رہ سکتی ہے۔
ہفتہ کا دن خاص طور پر زیادہ بارش والا ہوسکتا ہے، جبکہ اتوار کو بھی بارش کے آثار برقرار رہیں گے۔ شہر میں آج سمندری ہوائیں بند رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت محسوس کی جا سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ کراچی میں مون سون کا دوسرا مرحلہ 5 جولائی 2025 سے شروع ہونے کا امکان ہے، اور اس دوران بارش کے مزید اسپیلز بھی متوقع ہیں۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش نے گرمی کا زور کم کر دیا اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے رات بھر فضا کو نرماہٹ بخشی، اور شہریوں نے قدرے سکون کا سانس لیا۔