کیریبین پریمیئر لیگ کیلئے اپنی ٹیم میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے بعد بالی ووڈ کے کنگ خان کو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کیریبین پریمیئر لیگ کی فرنچائز ٹرنباگو نائٹ کے مالک ہیں اور انہوں نے نئے سیزن کیلئے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
شاہ رخ خان کی ٹیم نے فاسٹ بولر محمد عامر اور عثمان طارق سے معاہدہ کیا ہے۔
یہ خبر جب سامنے آئی تو ہندو انتہا پسندوں نے شاہ رخ خان کے خلاف مہم چلائی اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔
سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے کہا کہ شاہ رخ خان موجودہ حالات میں کس طرح سے پاکستانی کھلاڑیوں کو موقع دے سکتے ہیں، حب الوطنی کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ دونوں پاکستانی کھلاڑیوں سے معاہدہ ختم کریں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انتہا پسندوں نے پہلے مرحلے میں سوشل میڈیا پر دباؤ دیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں شاہ رخ خان کو بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب ٹرنباگو نائٹ نے سوشل میڈیا پر جاری مہم پر کوئی بھی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی معاہدہ منسوخ کرنے پر ابھی تک غور کیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد عامر اس سے پہلے بھی لیگ کا حصہ رہ چکے ہیں تاہم عثمان طارق نئے سیزن میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔