کراچی کا تاجر 9 روز گزر جانے کے باوجود بازیاب نہ کرایا جاسکا

ہماری ویب  |  Jun 30, 2025

کراچی کا ایک اور تاجر کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، واقعے کو 9 روز گزر چکے ہیں تاہم تاجر کو تاحال بازیاب نہیں کروایا جاسکا، اغواکاروں نے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے مغوی تاجر کی ویڈیو بھی اہلخانہ کو بھیجی ہے۔

ہماری ویب کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق قائد آباد کے رہائشی اسکریپ کے تاجر معین الدین کو صادق آباد جاتے ہوئے اغوا کیا گیا، واردات کا مقدمہ مغوی تاجر کے بیٹے غیاث الدین کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کیا جاچکا ہے۔

مغوی کے بیٹے غیاث کا کہنا ہے کہ ان کے والد فیکٹریوں، سرکاری اداروں، مارکیٹوں سے اسکریپ خریدتے تھے اور والد نے کہا تھا کہ وہ اسکریپ خریداری کے سلسلے میں پنجاب صادق آباد جارہے ہیں، میرا چھوٹا بھائی ذیشان والد کو 21 جون کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن چھوڑ کر آیا، اگلے دن تک والد کا فون نہیں آیا تاہم جب ہم نے کال کی تو ان کا نمبر بھی بند جارہا تھا، 23 جون کو چھوٹے بھائی کے نمبر پر والد کے نمبر سے وائس میسج آیا جس میں والد نے کہا کہ کچھ لوگوں نے مجھے اغوا کرلیا ہے۔

غیات نے بتایا کہ ان کے والد نے کہا کہ رہائی کے عوض وہ 2 کروڑ روپے، 2 راڈو گھڑیاں، 2 آئی فون کا مطالبہ کر رہے ہیں، غیاث کے مطابق ان کے والد نے یہ بھی کہا کہ اگر 2 روز میں رقم اور سامان کا بندوبست نہ کیا تو یہ لوگ مجھے جان سے مار دیں گے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا نے ہمای ویب کو بتایا کہ تاجر کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جلد انہیں بازیاب کروا لیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم کے ساتھ وہ خود شکار پور میں موجود ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More