لیاری سانحہ: گورنرِ سندھ کا مرنے والوں کے لواحقین کو 80، 80 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان

اردو نیوز  |  Jul 08, 2025

صوبہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے لیاری میں عمارت منہدم ہونے سے مرنے والوں کے لواحقین کو 80، 80 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو کراچی میں صحافیوں سے بات چیت میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کو گورنر ہاؤس سے راشن فراہم کیا جائے گا۔

 انہوں نے سندھ حکومت کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی کو تبدیل کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا کہ چہرے بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہو گا، اس لیے سسٹم کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جائیں کہ عمارت کب بنی، اس پر مزید منزلیں کب بنائی گئیں۔

ان کے مطابق ’جو اینڈ یوزر ہے وہ تو معصوم سی فیملی ہے، جسے ایک بروکر لا کر دکھاتا ہے کہ یہ جگہ آپ کو دے رہے ہیں اور انگوٹھا لگوا کر فائل دے دیتا ہے۔‘انہوں نے زور دیتے ہوئے سانحے کی وجوہات کو تلاش کرنا پڑے گا تاہم ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ وہ سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کراچی کی چند ہاؤسنگ سکیمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں پچھلے 20 سال سے کوئی ڈویلپمنٹ نہیں ہوئی اور جب لوگوں کو پلاٹ کا قبضہ نہیں ملتا تو وہ مجبوراً پورشنز میں جا کر رہتے ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جو کمیٹی بنائی وہ خوش آئند ہے۔

ان کے مطابق ’ہم اس معاملے پر سیاست نہیں کریں گے بلکہ مقصد لوگوں کو انصاف دلانا ہے۔‘

انہوں نے چارج سنبھالنے والے ایس بی سی اے کے ڈائرئریکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو عمارت خالی ہو رہی ہے اس کا فوری معائنہ کیا جائے تاکہ لوگوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں 1366 کے نمبر سے ایک ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے اور متاثرین اس پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More