محکمۂ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
پاکستان میں 26 جون سے ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیر کو ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش اوکاڑہ میں 72 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ ساہیوال میں 66 اور ڈیرہ غازی خان میں 51 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
14 تا 17 جولائی تک شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مون سون بارشوں کا تیسرا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔
مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ 11 تا 17 جولائی پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور 11 تا 16 جولائی گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلادھار اور شدید موسلادھار بارش کی توقع ہے۔خیبر پختونخوا میں 11 تا 17 جولائی مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔11 تا 17 جولائی بالائی اور وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی 11، 13 تا 17 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)بلوچستان میں 11 اور 13 تا 16 جولائی شمال مشرقی و جنوبی اضلاع میں بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔سندھ میں 15 تا 17 جولائی تھرپارکر، میرپور خاص، کراچی سمیت دیگر علاقوں میں درمیانی بارش کی توقع ہے۔صوبہ پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ چار لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔اس سلسلے میں پنجاب کی حکومت نے ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔