شدت پسندوں کے ساتھ سیلفی، ویڈیوز بنانا جرم قرار

ہماری ویب  |  Jul 14, 2025

حکومت بلوچستان نے شدت پسندوں کے ساتھ سیلفی اور ویڈیوز بنانے کو معاون جرم قرار دیدیا

حکومتِ بلوچستان نے شدت پسندوں کے ساتھ تصاویر، ویڈیوز یا سیلفیز بنانے والے افراد کو دہشت گردی میں "معاون جرم" کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی وارننگ جاری کردی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری اشتہار میں کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصے میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ بعض شہری شدت پسندوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں، ان کے درمیان گھل مل جاتے ہیں یا مشتبہ مقامات پر ہجوم اکٹھا کرتے ہیں، جو نہ صرف ایک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ تعزیراتِ پاکستان کے تحت جرم میں اعانت (معاونت) کے زمرے میں آتا ہے۔

اشتہار میں واضح کیا گیا کہ اگر کوئی فرد دہشت گردی کے واقعے کے دوران یا بعد ازاں کسی مشتبہ مقام پر موجود پایا گیا، ویڈیو یا تصاویر بناتا ہوا نظر آیا یا شدت پسندوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی وابستگی یا میل جول رکھتا ہوا پایا گیا، تو اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کا معاون تصور کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سرکاری اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے رسپانس میکانزم کے دوران اگر کوئی شخص مشتبہ حرکات یا مشکوک مقامات پر موجود ہوا اور اس دوران جانی یا مالی نقصان اٹھاتا ہے، تو اس کی تمام تر ذمہ داری اسی فرد پر عائد ہوگی۔

حکومت نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ یا غیر ضروری سرگرمی، جیسے ہجوم لگانے، فوٹو یا ویڈیو بنانے یا شدت پسندوں کے ساتھ رابطہ رکھنے سے اجتناب کریں۔ بصورت دیگر نہ صرف وہ قانونی گرفت میں آ سکتے ہیں بلکہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران ان کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے شہری علاقوں میں کارروائیاں، ناکہ بندی اور سڑکوں پر قبضے جیسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے مواقع پر بعض شہری نادانی یا تجسس میں شدت پسندوں کے ساتھ تصویریں کھنچوانے یا ویڈیوز بنانے لگتے ہیں، جس پر اب حکومت نے باضابطہ طور پر خبردار کر دیا ہے کہ یہ عمل ناقابلِ برداشت ہوگا اور قانونی کارروائی کی بنیاد بنے گا۔

بلوچستان حکومت نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا مقام سے دور رہیں، سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مکمل تعاون کریں اور اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی عمل سے باز رہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More