شہری کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر عدالت نے رپورٹ طلب کرلی

ہماری ویب  |  Jul 14, 2025

صوبائی دارالحکومت پنجاب میں بارش کے بعد سڑکوں پر کھڑے پانی پر تنقید کرنے والے بزرگ شہری کی بازیابی کے لیے دائر کردہ درخواست پر عدالت نے رپورٹ طلب کرلی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں ساجد نامی بزرگ کے بیٹے عمر نے اپنے والد کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ وکیل کے ذریعے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے والد کو ایس ایچ او جوہر ٹائون نے 2 روز سے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔ درخواست کے ساتھ مغوی کی پولیس حراست میں لی گئی تصویر بھی لگائی گئی ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ پولیس نے تنقید کرنے پر مغوی بزرگ شہری ساجد سے معافی منگوائی اور اس کی ویڈیو بھی پولیس نے جاری کی۔

درخواست گزار نے اپنے گھر میں پولیس کے چھاپے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے استدعا کی ہے کہ ان کے والد کو پولیس کی غیر قانونی حراست سے بازیاب کروا کر آزاد کیا جائے۔

واضح رہے کہ 10 جولائی کو ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ساجد نے لاہور میں شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر رکنے والے پانی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں بزرگ شہری ساجد ویڈیو بنانے والے کو ویڈیو لازمی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کر رہے تھے، لیکن چند دن بعد ان کی تنقید کی ویڈیو کے ساتھ معافی مانگنے کی ویڈیو ایک بار پھر وائرل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More