کیمرے کا ڈیزائن یا بڑی اسکرین۔۔ آئی فون 17 کے ماڈلز میں کیا خاص بات ہوگی؟

ہماری ویب  |  Jul 15, 2025

دنیا کی سب سے نمایاں ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اس ستمبر 2025 میں اپنی نئی آئی فون 17 سیریز پیش کرنے جا رہی ہے۔ اس بار کمپنی ایک نہیں بلکہ سات مختلف ماڈلز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جو ایپل کی تاریخ میں ایک منفرد پیش رفت ہوگی۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی سالانہ تقریب 9 یا 10 ستمبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے، جس میں آئی فون 17، 17 ایئر، 17 پرو اور 17 پرو میکس سمیت دیگر ماڈلز شامل ہوں گے۔ ان میں سے ہر ایک ماڈل مخصوص خصوصیات اور ہارڈویئر اپڈیٹس کے ساتھ آئے گا تاکہ مختلف صارفین کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

اس سال سب سے نمایاں تبدیلی کیمرے کے ڈیزائن میں ہوگی، جو فون کی پچھلی سطح پر ایک بالکل نیا انداز دے گا۔ یہ تبدیلی نہ صرف ظاہری شکل کو نیا پن دے گی بلکہ کیمرہ کارکردگی میں بھی بہتری کا سبب بنے گی۔

آئی فون 17 پرو میکس کو سیریز کا سب سے نمایاں ماڈل تصور کیا جا رہا ہے، جس کی ریلیز 12 ستمبر کو متوقع ہے، جب کہ اس کی ریٹیل دستیابی 19 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہ ماڈل کئی جدید فیچرز کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جن میں ویپر چیمبر کولنگ کا نیا نظام شامل ہے، جو ہائی پرفارمنس موبائل گیمنگ کے دوران فون کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

اس کے علاوہ، افواہیں یہ بھی ہیں کہ آئی فون 17 پرو میکس میں A19 پرو چپ استعمال کی جائے گی اور ریم کو 12 جی بی تک بڑھایا جائے گا۔ ڈسپلے کی بات کی جائے تو 6.9 انچ کا پروموشن اسکرین، پتلے کنارے، جدید ڈائنامک آئی لینڈ اور مجموعی طور پر ایک زیادہ نفیس ڈیزائن اس ماڈل کو اب تک کا سب سے مکمل آئی فون بنا سکتا ہے۔

ایپل نے حسب روایت اس سال بھی نئے ماڈلز کو ستمبر میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن اس بار ماڈلز کی تعداد، فیچرز میں تنوع اور اندرونی ہارڈویئر اپ گریڈز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کمپنی اب صرف جدت کے بجائے مختلف صارفین کی عملی ضروریات کو بھی سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

لانچ ایونٹ قریب آ رہا ہے اور ٹیکنالوجی کی دنیا کی نظریں اس پر جمی ہوئی ہیں کہ ایپل اس بار صارفین کو کس حد تک متاثر کر پائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More