حمائمہ ملک نے مجھے فون کیا اور معافی مانگی۔۔ اداکارہ کس بات پر رو رو کر توبہ کرتی رہیں؟ مفتی طارق مسعود کے انکشافات

ہماری ویب  |  Jul 23, 2025

’’جب کھلا نہیں سکتے تو پیدا کیوں کرتے ہو؟ یہ مکالمہ میری زبان سے نکلا، اور آج مجھے اس پر افسوس ہے‘‘

پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے معروف اسلامی اسکالر مفتی طارق مسعود سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ فلم "بول" میں ان کی زبان سے ادا کیا گیا مشہور مگر متنازع جملہ آج بھی ان کے دل پر بوجھ ہے۔ انہوں نے بتایا: ’’میں نے آپ کا کلپ سنا، دل لرز گیا۔ اللہ سے بہت رو رو کر توبہ کی اور امی نے بھی مجھے سمجھایا کہ وہ جملہ نہیں بولنا چاہیے تھا۔‘‘

یہ جذباتی اعتراف سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی اُس ویڈیو کا حصہ ہے جس میں مفتی طارق مسعود نے خود یہ مکالمہ شیئر کیا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ حمائمہ ملک نے انہیں براہِ راست فون کرکے نہ صرف معذرت کی بلکہ اپنی ندامت کا واضح اظہار بھی کیا۔

سنہ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم "بول" میں اداکارہ کا ایک مکالمہ ’’جب کھلا نہیں سکتے تو پیدا کیوں کرتے ہو؟‘‘ اُس وقت معاشرتی دباؤ، غربت اور پدر شاہی نظام پر تنقید سمجھا گیا، لیکن مذہبی طبقات کی جانب سے اسے بے ادبی قرار دیا گیا۔

مفتی طارق مسعود نے بتایا کہ وہ اس جملے پر پہلے بھی شدید تنقید کر چکے ہیں، مگر چند روز قبل جب انہیں حمائمہ ملک کی کال آئی تو وہ حیران رہ گئے۔ ’’انہوں نے کہا مفتی صاحب! وہ مکالمہ میرے دل سے کبھی نہیں نکلا، میں نے واقعی غلطی کی تھی‘‘۔

’’اصل غلطی فلم سازوں کی ہے‘‘

حمائمہ نے مزید کہا: ’’میرے خیال میں اصل قصور ان این جی اوز کا ہے جو اس قسم کی فلموں کی سرپرستی کرتی ہیں، اور ہمیں صرف اداکار سمجھ کر اس مکالمے کی ادائیگی پر مجبور کیا جاتا ہے۔‘‘

مفتی صاحب نے بتایا کہ حمائمہ کی والدہ نے بھی فون پر بات کی اور کہا کہ بیٹی کو اس سین پر اب شدید شرمندگی ہے۔ ’’ان کے انداز میں پچھتاوا نمایاں تھا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ میری بیٹی کو احساس ہو گیا ہے کہ یہ بات مناسب نہیں تھی۔‘‘

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ یہ اعتراف صرف ایک انفرادی عمل نہیں بلکہ ایک مثال ہے کہ ’’جب انسان کا دل زندہ ہو، تو وہ چاہے کسی بھی شعبے سے ہو، حق بات قبول کر لیتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہیں، ان کے دل میں روشنی باقی ہوتی ہے۔ ’’مجھے خوشی ہے کہ حمائمہ جیسی معروف شخصیت نے سچ کو تسلیم کر کے ایک اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کی۔‘‘

سوشل میڈیا پر ردِعمل

یہ ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کچھ صارفین نے حمائمہ کے اس اعتراف کو سراہا اور کہا کہ کسی بھی غلطی کا احساس ہو جانا ہی پہلا قدم ہوتا ہے۔ وہیں کچھ لوگوں نے فلم انڈسٹری پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ مکالموں اور مواد پر سنجیدگی سے نظرثانی کی جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More