وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر زائرین کو زمینی راستے سے بلوچستان کے ذریعے ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ، حکومتِ بلوچستان اور سکیورٹی اداروں سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک مشکل مگر ناگزیر فیصلہ ہے جو عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ "زائرین ہوائی سفر کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے اور ان کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔" اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ آئندہ دنوں میں اپنی زیارت مکمل کرسکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زائرین کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ان کے مذہبی جذبات کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال بڑی تعداد میں پاکستانی زائرین زمینی راستے سے ایران اور عراق کا سفر کرتے ہیں تاکہ اربعین کے موقع پر کربلا میں حاضری دے سکیں تاہم حالیہ سکیورٹی خدشات اور دیگر انتظامی وجوہات کی بنا پر اس سال اس طریقے کو محدود کیا گیا ہے۔