روس کے مشرقی ساحلی علاقے کامچٹکا میں 8.8 شدت کے شدید زلزلے نے تباہی مچادی، زلزلے کے بعد 3 سے 4 میٹر بلند سونامی لہریں ٹکرانے لگیں جس سے کئی علاقوں میں عمارتیں تباہ، متعدد افراد زخمی اور علاقہ زیر آب آگیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز Petropavlovsk شہر سے 119 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور صرف 19.3 کلومیٹر گہرائی میں تھا جو اس کی شدت کو مزید خطرناک بناتا ہے۔ زلزلے کے بعد 6.9 شدت کا آفٹر شاک بھی ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلے کے بعد روس کے شہر سیویرو کوریلسک میں 4 میٹر بلند سونامی کی لہریں ٹکرائیں، جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور انخلا کا عمل شروع کردیا گیا۔
سونامی کے خدشے کے پیش نظر امریکا، جاپان، چین، فلپائن، ایکواڈور، چلی، ہوائی اور برٹش کولمبیا سمیت بحرالکاہل کے گرد واقع ممالک میں ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
جاپان میں ہوکیڈو جزیرے سے سونامی کی لہریں ٹکرائیں جس کے بعد نیوکلیئر پلانٹ خالی کرالیا گیا۔امریکا نے کیلیفورنیا، واشنگٹن، اوریگن، الاسکا اور ہوائی میں سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔
ہوائی میں 10 فٹ اونچی لہروں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کو فوری خالی کروا لیا گیا ہے۔
چین نے بھی اپنے مشرقی ساحلی صوبے میں سونامی وارننگ جاری کی ہے جبکہ ایکواڈور کے ساحلی علاقوں میں بھی 10 فٹ بلند لہروں کے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ریجنل ایمرجنسی منسٹر سرگئی لیبیڈیف کے مطابق ساحلی علاقوں میں مزید خطرناک لہریں متوقع ہیں، عوام کو فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔