بھارت پر بھاری ٹیرف سے آئی فون بنانے والی کمپنی" ایپل " بھی متاثر ہوگی؟

ہماری ویب  |  Aug 07, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد معروف اسمارٹ موبائل فون "آئی فون" تیار کرنے والی کمپنی ایپل کی انتظامیہ بھی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔

ایپل سب سے زیادہ اپنی پروڈکشن چین اور بھارت میں کرتا ہے، ٹرمپ کے گزشتہ ماہ ٹیرف اقدامات کے بعد ایپل انتظامیہ چین سے اپنی پروڈکشن بھارت منتقل کرنے کا جائزہ لے رہی تھی لیکن اب جب کہ ٹرمپ نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے ایپل انتظامیہ کے لیے فیصلہ کرنا مشکل ہوگیا ہے کہ وہ آگے کی کیا حکمت عملی وضع کرے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسمارٹ فونز کو حالیہ ٹیرف سے استثنیٰ مل سکتا ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو ایپل سابقہ حکمت عملی پر عمل کرسکتی ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایپل کو پروڈکشن کے لیے نئی حکمت عملی بنانی پڑے گی۔

امریکی صدر کا حالیہ ٹیرف فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایپل کو ستمبر میں اپنے نئے ماڈل کی لانچنگ کرنی ہے اور اس کے بعد کرسمس اور نیو ایئر کی تعطیلات بھی آرہی ہیں جس میں کمپنی کے مصنوعات کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے۔

ایپل کے لیے بھارت اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ چین میں تیار ہونے والے 67 فیصد آئی فونز میں 35 فیصد امریکا برآمد ہوتے ہیں جب کہ اس کے مقابلے میں بھارت میں تیار ہونے والے 17 فیصد آئی فونز میں 40 فیصد امریکا کے لیے ہی بنتے ہیں۔ ایپل انتظامیہ کے لیے فوری طور پر اپنی پروڈکشن امریکا منتقل کرنا ممکن نہیں ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More