امریکی محکمہ صحت پر فائرنگ کرنے والا حملہ آور جس نے کرونا ویکسین کو معاملے کی جڑ قرار دیا

اردو نیوز  |  Aug 10, 2025

امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں بیماریوں کی روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) کے ہیڈکوارٹر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت 30 سالہ پیٹرک جوزف وائٹ کے طور پر کی گئی ہے جو کرونا وبا کی ویکسین کو اپنے ڈپریشن اور خودکشی کے خیالات کی وجہ سمجھتا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام کو اس وقت پیش آیا جب حملہ آور پیٹرک جوزف وائٹ نے سی ڈی سی ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی جسے سکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔

اس کے بعد حملہ آور سڑک کے پار واقع ایک فارمیسی کے باہر پہنچا اور فائرنگ شروع کردی۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور کے پاس پانچ ہتھیار تھے جس میں ایک بڑی گن بھی شامل تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈیکالب کاؤنٹی کے پولیس افسر ڈیوڈ روز گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعد میں دم توڑ گئے۔ روز ڈیوڈ کی عمر 33 برس تھی اور وہ پولیس نوکری سے قبل میرین بھی رہ چکے تھے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔

جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق حکام نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ حملہ آور پولیس کی گولی کا نشانہ بنا یا پھر اس نے خودکشی کی تاہم ایک قانون نافذ کرنے والے اہلکار کے مطابق حملہ آور کے والد نے پولیس سے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر فائرنگ کرنے والا ان کا بیٹا ہے۔

USA | #Shooting in #Atlanta : As police responded to an active shooter at #EmoryUniversity campus in Atlanta, Georgia, it appears the nearby #CDC headquarters was the target of the armed attack by a single shooter. A police officer was killed in the shooting. The suspect..1/2 pic.twitter.com/NsncHRLRNw

— Nanana365 (@nanana365media) August 9, 2025

حملہ آور کے والد کے مطابق ان کا بیٹا اپنے کتے کی موت کے بعد سخت ڈیپریشن کا شکار تھا اور کرونا وبا کی ویکسین کے خلاف سخت خیالات رکھتا تھا۔

حملہ آور پیٹرک جوزف وائٹ کی پڑوسن نینسی ہوالسٹ نے مقامی اخبار کو بتایا ہے کہ ’پیٹرک جوزف وائٹ اکثر کویڈ ویکسین مخالف گفتگو کرتا تھا اور اس بات پر قائل تھا کہ ویکسین لوگوں کو نقصان پہنچا رہی ہے تاہم میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اس بنیاد پر کوئی ایسا پرتشدد قدم اٹھائے گا۔‘

امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے پولیس افسر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عوامی صحت کے کارکنوں کو اپنا کام کرتے وقت تشدد کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔‘

تاہم سی ڈی سی کے برطرف شدہ ملازمین کے گروپ ’فائرڈ بٹ فائٹنگ‘ نے کینیڈی پر الزام لگایا ہے کہ ان کے بیانات نے ادارے کے خلاف نفرت کو ہوا دی اس لیے انہیں استعفیٰ دینا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More