ٹرمپ پوتن ملاقات: امن کا راستہ یوکرین کے بغیر طے نہیں کیا جا سکتا، یورپی رہنما

اردو نیوز  |  Aug 10, 2025

یورپی اتحادیوں نے روس پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’یوکرین میں امن کا راستہ یوکرین کے بغیر طے نہیں کیا جا سکتا۔‘

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی رہنماؤں نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’صرف ایک ایسا طریقۂ کار کامیاب ہو سکتا ہے جس میں فعال سفارت کاری، یوکرین کی حمایت اور روسی فیڈریشن پر ان کی غیر قانونی جنگ کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔‘

انہوں نے صدر ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرین کی حمایت کے ساتھ ساتھ روس کے خلاف پابندیوں کے اقدامات کو برقرار رکھتے ہوئے سفارتی طور پر تعاون کے لیے تیار ہیں۔

فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، برطانیہ، فن لینڈ اور یورپی یونین کمیشن کے سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین کے رہنماؤں کے دستخط کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ رابطہ مذاکرات کا نقطۂ آغاز ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’قرارداد کو یوکرین اور یورپ کے اہم سکیورٹی مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوتن جمعے کو امریکی ریاست الاسکا میں تین سال سے جاری تنازع کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یوکرین اور یورپ کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ کیف کو مذاکرات کا حصہ ہونا چاہیے۔

گزشتہ ہفتے سربراہی اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے تفصیلات بتائے بغیر کہا تھا کہ ’دونوں (ملکوں) کی بہتری کے لیے علاقوں کی کچھ تبدیلی کی جائے گی۔‘

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سنیچر کو خبردار کیا تھا کہ ’یوکرین امن خریدنے کے لیے روس کو زمین نہیں دے گا۔‘

انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’یوکرینی شہری اپنی زمین قابض کو نہیں دیں گے۔ ہمارے خلاف کوئی بھی فیصلہ، یوکرین کے بغیر کوئی بھی فیصلہ امن کے خلاف بھی ہے۔‘

ولادیمیر زیلنسکی نے برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر کے ساتھ ایک کال کے دوران یوکرین کے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ پائیدار امن کے حصول کے لیے واضح اقدامات کریں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More