چین میں ورلڈ گیمز کے مقابلے کے دوران اٹلی کا ایتھلیٹ چل بسا

اردو نیوز  |  Aug 13, 2025

چین میں جاری ورلڈ گیمز میں ایک مقابلے کے دوران اٹلی کے اتھیلیٹ کی موت واقع ہو گئی ہے۔

چین کے خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق ورلڈ گیمز کے منتظمین اور کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیم نے اطالوی ایتھلیٹ کی موت کی تصدیق کی ہے۔

انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، ورلڈ گیمز کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی اور انٹرنیشنل اورینٹیئرنگ فیڈریشن نے ایک مشترکہ بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق میٹیا ڈیبرتولیس جمعے کی صبح آٹھ اگست کو مردوں کے مڈل ڈسٹنس اورینٹیئرنگ ایونٹ کے دوران بے ہوش پائے گئے جو کہ دی ورلڈ گیمز کے 12ویں ایڈیشن کا حصہ تھا۔ ان کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔

انہیں بعد ازاں چین کے ایک اعلیٰ طبی ادارے میں انتہائی نگہداشت کے لیے منتقل کیا گیا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ منگل کو چل بسے۔

’دا ورلڈ گیمز فیملی، ایل او سی اور آئی او ایف اس سانحے پر رنجیدہ ہیں اور کھلاڑی کے اہل خانہ، دوستوں اور پوری اورینٹیئرنگ کمیونٹی سے تعزیت کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس واقعے سے متاثر ہوئے۔‘

ان تنظیموں نے میٹیا ڈیبرتولیس کے اہل خانہ اور اورینٹیئرنگ کمیونٹی کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر ممکن طریقے سے ان کے خاندان اور اورینٹیئرنگ کمیونٹی کی مدد جاری رکھیں گے۔

اورینٹیئرنگ ایک مشکل اور جسمانی کھیل سمجھا جاتا ہے جس میں کھلاڑیوں کو نقشہ اور قطب نما یا کمپاس کی مدد سے مختلف علاقوں میں راستہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More