امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہا ہے سیز فائر برقرار رکھنا ایک مشکل اور پیچیدہ عمل ہے جو اکثر جلد ٹوٹ جاتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا مختلف خطوں پر روزانہ نظر رکھتا ہے جن میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ بھی شامل ہیں تاکہ جنگ بندی قائم رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اس وقت ممکن ہے جب دونوں فریق لڑائی روکنے پر متفق ہوں۔
مارکو روبیو نے یوکرین اور روس کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے تین سال سے جاری جنگ کے بعد اب بھی جنگ بندی قائم رکھنا بہت مشکل ہے کیونکہ روس نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا کا مقصد امن معاہدے تک پہنچنا ہے تاکہ حال اور مستقبل میں جنگوں سے بچا جا سکے۔