پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے آغاز سے جاری زبردست تیزی کا رجحان آج برقرار نہ رہ سکا اور حصص فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا اور 1900 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹاک ماہرین کے مطابق انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد مزید اوپر جانے میں رکاوٹ کا سامنا ہے جس کے باعث سرمایہ کار منافع سمیٹنے کی غرض سے شئیرز فروخت کر رہے ہیں۔
ماہرین نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال نے بھی سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں فروخت کا رجحان بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار، 50 ہزار اور 51 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطحیں عبور کرچکا ہے۔