وزیر صحت بلوچستان کا اسپتالوں کے انفراسٹرکچر میں کمی کا اعتراف

ہماری ویب  |  Aug 24, 2025

صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے ڈی جی ہیلتھ آفس میں "منسٹر ہیلتھ شکایتی سیل" کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر امین مندوخیل، سیل انچارج ڈاکٹر ابوبکر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر ابوبکر نے وزیر صحت کو شکایتی سیل کے مقاصد اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ شکایتی سیل کے ذریعے مریضوں اور شہریوں کی شکایات براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچائی جائیں گی اور ان کے حل کے بعد کال بیک کے ذریعے عوامی اطمینان بھی یقینی بنایا جائے گا۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں فوکل پرسنز تعینات کر دیے گئے ہیں جو شکایتی سیل سے منسلک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن کی سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے مریض بھی ماہر ڈاکٹروں سے آن لائن مشاورت کے ذریعے علاج کرا سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان جلد بے نظیر ایئر ایمبولینس کا آغاز کرنے جا رہی ہے تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولت فراہم ہوسکے۔

وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات پیپلز پارٹی کے وژن کا حصہ ہیں اور اسی مقصد کے تحت اسپتالوں میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کے انفراسٹرکچر میں کمی ضرور ہے لیکن ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی نہیں، ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ جدید طبی مشینری بھی فراہم کی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن فعال ہے اور جو اسپتال رجسٹرڈ نہیں ہوں گے انہیں سیل کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ بہت جلد بلوچستان میں ای-کچہری کا آغاز کیا جائے گا جہاں وہ براہِ راست عوام کی شکایات سنیں گے اور ان کے فوری ازالے کے احکامات جاری کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More