پاپا اور دادی نے ماں پر پیٹرول ڈالا اور پھر۔۔ ماں کو جلتا دیکھنے والے بچے نے آنکھوں دیکھا حال سنا دیا

ہماری ویب  |  Aug 24, 2025

"پاپا اور دادی نے پہلے مما پر پیٹرول ڈالا، پھر تھپڑ مارے اور لائٹر سے آگ لگا دی۔"

یہ جملہ ہے ایک کمسن بچے کا، جس نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی ماں کو زندہ جلتے دیکھا۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں یہ المناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب نکی نامی خاتون کو جہیز نہ لانے پر شوہر اور ساس نے بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نکی پر ظلم کا سلسلہ نیا نہیں تھا۔ 2016ء میں شادی کے فوراً بعد سے ہی اُس پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ سسرالیوں کا مطالبہ 36 لاکھ روپے کا تھا اور جہیز کے نام پر آئے دن اُس پر تشدد ہوتا رہا۔ نکی کی بہن کنچن، جو خود بھی اسی گھر میں بیاہی گئی تھی، نے انکشاف کیا کہ دونوں بہنوں کو سالہا سال ذلیل اور زبردستی کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی رات نکی کو بہیمانہ تشدد کے بعد بچوں کے سامنے زندہ جلا دیا گیا، جبکہ اُسے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے وہ خود بھی بے ہوش ہو گئی تھیں۔

کنچن نے مزید بتایا کہ سسرالی اکثر کہتے تھے، "یہ چیز شادی میں نہیں ملی، وہ نہیں ملی", اور بار بار یہ دھمکی دیتے تھے کہ اگر رقم نہ ملی تو جان سے مار دیں گے۔ یہاں تک کہ اسی رات اُسے بھی کئی گھنٹے مارا گیا اور کہا گیا کہ "تم مرو گی تو اچھا ہے، ہم دوسری شادی کر لیں گے۔"

واقعے کی رپورٹ مقتولہ کی بہن کی شکایت پر درج کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ساس اور دیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ایک بار پھر بھارت میں جہیز کی لعنت اور گھریلو تشدد کے سفاک پہلو کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں انسانی جان کو معمولی سا پیسہ اور لالچ نگل لیتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More