پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی پانچ لاکھ سمز بلاک، وطن واپسی کے اقدامات مزید سخت

اردو نیوز  |  Sep 08, 2025

پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے لیے وطن واپسی کی مقرر کردہ مہلت ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومتِ نے نے افغان شہریوں کو واپس وطن بھیجنے کے حوالے سے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

اس سلسلے میں افغان پناہ گزینوں کے زیرِ استعمال موبائل فون سمز بھی بند کرنے کا عمل جاری ہے۔ اردو نیوز کو موصول پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک افغان پناہ گزینوں کے زیرِ استعمال پانچ لاکھ سے زائد سمز بلاک کی جا چکی ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ان سمز کو مرحلہ وار بلاک کیا جا رہا ہے اور اب ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد بھی سمز بلاک کرنے کا عمل جاری ہے۔

تاہم پی ٹی اے کے مطابق ایسے افغان شہری جن کی سمز درست شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا ویزا پر رجسٹر ہیں وہ بلاک نہیں کی گئیں۔

اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں، بالخصوص راولپنڈی اور اسلام آباد میں مقیم وہ افغان پناہ گزین جن کے دستاویزات کی معیاد ختم ہو چکی ہے، اُنہیں کرائے کے گھروں میں رہنے سے بھی روک دیا گیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد کے سیکٹر جی-6 میں موجود ارجنٹائن پارک میں درجنوں کی تعداد میں افغان پناہ گزین کیمپ لگا کر رہنے پر مجبور ہیں۔

اسلام آباد میں مقیم افغان باشندے سمز بلاک ہونے کے معاملے پر بتاتے ہیں کہ ان کے پاس موجود تمام سمز نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور وہ اب پاکستانی دوستوں کے نام پر نکلوائی گئی سمز استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ملک میں مقیم تمام افغان پناہ گزینوں کو ملک چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے۔

یہ مہلت 31 اگست تک مقرر کی گئی تھی اور اس کے ساتھ ہی واضح کیا گیا تھا کہ اس تاریخ کے بعد پاکستان میں موجود تمام افغان پناہ گزین، خواہ ان کے پاس پی او آر کارڈ ہو یا نہ ہو، ملک چھوڑنے کے پابند ہوں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More