"اصل مرد کبھی عورتوں سے لڑائی نہیں کرتے۔ نسلی مرد عورت کی عزت اور جان کی حفاظت کرتے ہیں۔ میں کسی سے نہیں ڈرتی اور نہ ہی پیچھے ہٹوں گی۔ جو مرد عورتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، وہ دراصل خود کمزور اور نسوانی ہیں۔"
کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر نبیہا علی خان ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ مرد اور عورت کے مسائل پر اپنے متنازع خیالات کے باعث وائرل ہونے والی نبیہا علی خان اکثر مردوں کے حق میں بات کرتی ہیں، حتیٰ کہ گھریلو تشدد جیسے حساس معاملے پر بھی ان کا مؤقف بحث کا موضوع بنا۔ حال ہی میں راوی کے سیلاب میں پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثر ہونے پر بھی وہ خبروں میں رہیں، جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا گھر بھی تباہ ہوا ہے۔ تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ مکان ان کی ملکیت ہی نہیں۔
اب ڈاکٹر نبیہا نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے اپنے مخالفین کو براہِ راست للکارا ہے۔ ان کے مطابق کچھ مرد انہیں جھوٹا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ کسی دباؤ میں آنے والی نہیں۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ جو مرد عورتوں سے لڑائی کرتے ہیں وہ اصل میں کمزور ذہنیت کے حامل ہیں اور اپنی فرسٹریشن نکالنے کے لیے عورتوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
ڈاکٹر نبیہا کی اس تازہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگ ان کے بیانات کو عورتوں کے حق میں ایک مضبوط آواز قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسرے سمجھتے ہیں کہ وہ متنازع خیالات کے ذریعے محض شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت مزید توجہ حاصل کر رہا ہے کیونکہ ایک طرف وہ خود کو مظلوم ظاہر کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب ناقدین انہیں جھوٹا اور متضاد موقف رکھنے والی شخصیت کہہ رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈاکٹر نبیہا کی یہ لڑائی کہاں جا کر رُکتی ہے اور آیا وہ اپنے مؤقف پر عوام کو قائل کر پاتی ہیں یا نہیں۔