"بہت اچھا فیصلہ ہے، آپ کو اپنی ذات کو ترجیح دینی چاہیے۔"
"یہ افسوسناک ہے کہ آپ بھی امید کھو رہی ہیں، ہم ایک مضبوط آواز کو مس کریں گے۔"
"آپ بالکل درست فیصلہ کر رہی ہیں۔"
اداکارہ، اینکر اور سماجی کارکن مشی خان ہمیشہ سے اپنی بے باک رائے اور سماجی مسائل پر آواز بلند کرنے کے باعث نمایاں رہی ہیں۔ وہ کبھی بھی معاشرتی برائیوں، قانون کی کمزوری یا جانوروں کے حقوق کے حوالے سے چپ نہیں رہیں۔ مگر اس بار مشی خان نے ایک بڑے فیصلے کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا۔
مشی خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ وہ برسوں سے طاقت کے ایوانوں اور معاشرتی برائیوں پر آواز اٹھاتی رہی ہیں، لیکن اب انہیں یقین ہو گیا ہے کہ اس ملک میں کچھ بدلنے والا نہیں۔ ان کے مطابق، وہ ہر بار بہتر کل کی امید میں بولتی ہیں لیکن معاشرے کی حالت جوں کی توں ہے۔ اسی لیے اب وہ مزید ویڈیوز یا بیانات کے ذریعے کسی برائی کی نشاندہی نہیں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو ترجیح دے رہی ہیں کیونکہ مسلسل معاشرتی مسائل دیکھنے اور ان پر بولنے سے ان کا ذہن تھک چکا ہے۔ اس وقت ان کے لیے اپنی زندگی اور سکون زیادہ اہم ہے، اور وہ کچھ عرصے کے لیے صرف اپنی ذات پر توجہ دیں گی۔
مشی خان کے مداحوں نے ان کے فیصلے کو سراہا ہے۔ ان کے مطابق، یہ وقت ہے کہ وہ خود کو بھی اہمیت دیں کیونکہ ایک مضبوط آواز بھی تبھی دوسروں کے لیے بول سکتی ہے جب وہ اپنی ذات کا خیال رکھے۔ سوشل میڈیا پر لوگ اس فیصلے کو ایک طرح کی "بریک" قرار دے رہے ہیں اور امید جتا رہے ہیں کہ مشی خان جلد ہی دوبارہ اسی حوصلے کے ساتھ واپس آئیں گی۔