آئی سی سی کرکٹ ویمن ورلڈ کپ، پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ پانچ اکتوبر کو ہوگا

اردو نیوز  |  Sep 22, 2025

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کل 23 ستمبر کو لاہور سے سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی۔

پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گی۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز دو وارم اپ میچز سے کرے گی۔ پاکستان ویمن اپنا پہلا وارم اپ میچ 25 ستمبر کو سری لنکا جبکہ دوسرا میچ 28 ستمبر کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنا افتتاحی میچ دو اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف پانچ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ آٹھ اکتوبر کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنا تیسرا میچ آسٹریلیا اور چوتھا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

پانچویں میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 18اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان ویمن ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ 21 اکتوبر کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف کھیلے گی اور اپنا آخری میچ 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

دوسری جانب سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دو میچوں میں پاکستانی بیٹر سدرہ امین نے مسلسل دو سنچریاں بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More