اظہار رائے کی آزادی کو لاحق خطرات، میں اپنے ملک کو تسلیم نہیں کرتی: انجلینا جولی

اردو نیوز  |  Sep 23, 2025

آسکر ایوارڈ یافتہ معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے اظہار رائے کی آزادی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کو مزید تسلیم نہیں کرتیں۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سپین کے سان سیبیسچیئن فلم فیسٹیول میں اپنی تازہ ترین فلم کی نمائش کے دوران ان کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تنقید کرنے والے میڈیا پر کریک ڈاؤن کے بعد اظہار رائے کی آزادی پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

جولی سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ امریکہ میں اظہار رائے کی آزادی سے خوفزدہ ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے ملک سے محبت کرتی ہوں، لیکن میں اس وقت اپنے ملک کو نہیں پہچانتی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کہیں بھی کوئی بھی چیز جو تقسیم کرتی ہے یا یقیناً اظہار رائے اور آزادی کو محدود کرتی ہے میرے خیال میں بہت خطرناک ہے۔ یہ بہت، بہت بھاری وقت ہے۔‘

50 سالہ انجلینا جولی فرانسیسی فلمساز ایلس ونوکور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کوچر‘ کی پروموشن کے لیے سان سیبیسچیئن میں تھیں۔

انہیں آسکر ایوارڈ 1999 میں ’گرل، انٹرپٹڈ‘ میں ان کے کردار کے لیے دیا گیا تھا۔

جولی نے 2013 میں چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے لیے سرجری کروائی اور بعد میں ان کی بیضہ دانی اور فیلوپین ٹیوبیں ہٹا دی گئیں تاکہ کینسر کے زیادہ خطرے کو کم کیا جا سکے۔

انجلینا جولی کی والدہ کی موت کینسر سے ہوئی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ فلم بناتے وقت وہ اکثر اپنی ماں کے بارے میں سوچتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ وہ اتنی ہی کھل کر بات کرنے کے قابل ہوتیں جیسا کہ میں رہی ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’خواتین میں کینسر پر دھیان دینا بہت اہم ہے، کیونکہ یہ ہم پر اثر انداز ہوتا ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More