لازوال عشق: یوٹیوب پر پیش کیے جانے سے قبل ’پاکستانی ڈیٹنگ شو‘ پر صارفین کا سخت ردِعمل

اردو نیوز  |  Sep 21, 2025

پاکستان میں ’لازوال عشق‘ کے نام سے جاری شو نے صارفین میں غصے کو جنم دیا ہے حالانکہ اس سیریز کی ایک بھی قسط تاحال نشر نہیں کی گئی اور یہ صرف یوٹیوب پر ہی موجود ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان میں اس حوالے سے موجود ریگولیٹری اتھارٹی کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ عوامی شکایات پر کوئی کارروائی کر سکے کیونکہ آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے حوالے سے قانون موجود نہیں۔

یہ سیریز بین الاقوامی فرنچائز کی ’لو آئی لینڈ‘ طرز پر بنائی جا رہی ہے جس کی میزبانی اداکارہ عائشہ عمر کر رہی ہیں اور اس کی شوٹنگ ترکیہ کے شہر استنبول میں کی گئی۔ ترکیہ میں بھی اسی فارمیٹ پر ’اسک آداسی‘ کے نام سے سیریز نشر کی جا چکی ہے۔

اس سیریز میں چار پاکستانی خواتین اور نوجوانوں کو ایک شاندار ولا میں رہائش دی جاتی ہے اور وہاں اُن کے آپس میں رابطوں، گفتگو اور مختلف اوقات میں گپ شپ کے ہر لمحے کو فلمایا جاتا ہے۔

پاکستان میں غیرشادی شدہ افراد کے درمیان ازدواجی تعلق غیرقانونی ہے، اور اسی طرح ڈیٹنگ کو بھی نہایت معیوب سمجھا جاتا ہے۔

گذشتہ ہفتے اداکارہ عائشہ عمر نے لگژری ولا میں اس شو میں شرکت کرنے والوں کا خیرمقدم کرنے سے پہلے باسفورس کے ساحل پر اپنی چہل قدمی کا ایک ٹیزر شیئر کیا۔

اس شو کے پرومو کو آن لائن شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مخالفت کرنے والوں نے اس فارمیٹ کو ’غیر اسلامی‘ قرار دیتے ہوئے اس پر مغربی ثقافت کی نقل کرنے کا الزام لگایا۔

اردو زبان میں اس طرز کے پہلے شو کے بارے میں عوامی شکایات کے بعد پاکستان کی الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے وضاحت جاری کی اور کہا کہ وہ اس پر کچھ کرنے سے قاصر ہے۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے ترجمان محمد طاہر نے سنیچر کے روز کہا کہ یہ پروگرام نہ تو مین سٹریم میڈیا پر نشر کیا جا رہا ہے اور نہ ہی اتھارٹی کی طرف سے لائسنس یافتہ کسی ٹیلی ویژن چینل پر آ رہا ہے۔

محمد طاہر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ ہم یوٹیوب کو ریگولیٹ نہیں کرتے، اور یہ مواد کسی ٹیلی ویژن چینل کا نہیں ہے۔ عام لوگ اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ یوٹیوب ہمارے ریگولیٹری دائرہ کار سے باہر ہے۔‘

’لازوال عشق‘ کی یہ سیریز 29 ستمبر کو یوٹیوب پر شروع ہونے والی ہے۔ فوٹو: عائشہ عمر انسٹاگراممیزبان عائشہ عمر نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے فیشن ٹائمز میگزین کو بتایا کہ یہ منصوبہ ’پاکستانی اور اردو بولنے والے ناظرین کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اس شو میں ’محبت، بندھن، اور مقابلہ‘ دکھایا جائے گا جس میں ناظرین ’ہر ردعمل، ہر لڑائی، اور ہر دلی تعلق‘ کو دیکھیں گے۔ 100 اقساط کے دوران آٹھ مدمقابل چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہیں اور اپنے اتحاد بناتے ہیں جب تک کہ کوئی ایک جوڑا فاتح کے طور پر سامنے نہیں آتا۔

شو کے منتظمین میں سے کوئی بھی فوری طور پر تبصرے کے لیے دستیاب نہیں تھا۔

’لازوال عشق‘ کی یہ سیریز 29 ستمبر کو یوٹیوب پر شروع ہونے والی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More