نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے مشہور ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسرز اقرا کنول عرف سسٹرولوجی، ندیم مبارک عرف نانی والا اور محمد حسنین شاہ پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر میں ملوث رہے۔ ان افراد پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی عوام کو منافع کے لالچ میں ڈال کر ان ایپس میں سرمایہ کاری کے لیے اکسانے اور گمراہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
تحقیقاتی ایجنسی نے تینوں افراد کو متعدد بار طلب کیا تاہم وہ تفتیش میں شامل نہ ہو سکے۔ حکام کے مطابق ان کے خلاف درج مقدمات کی روشنی میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق عوام کو آن لائن فراڈ اور غیر قانونی سرمایہ کاری سے بچانے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے اور کسی بھی فرد کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔