اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسدادِ ڈینگی مہم تیز کردی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک روز میں 2 ہزار 97 مقامات پر انسدادِ ڈینگی فوگنگ مکمل کی گئی جبکہ مختلف علاقوں سے 29 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 17 مریضوں کو اسپتال داخل کیا گیا ہے۔اب تک شہر بھر میں مجموعی طور پر 33 ہزار 706 انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
دورانِ انسپکشن 706 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جس کے بعد تمام متاثرہ گھروں میں فوگنگ اور مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں کرتے ہوئے 38 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح ہدایت کی ہے کہ انسدادِ ڈینگی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی سی کے مطابق، لاروا کی افزائش میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ گھروں، چھتوں، گملوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں اور انسدادِ ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ اس وبا پر مکمل قابو پایا جا سکے۔