پاکستان اور ملائیشیا کا دہشت گردی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

ہماری ویب  |  Oct 06, 2025

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کرے گا جب کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے پاک بھارت تعلقات کی بحالی انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امن کی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا ان کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے اور وہ انور ابراہیم کے والہانہ استقبال پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ اس تجارت کو مزید بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان، ملائیشیا کے تجربات سے مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں استفادہ چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب کی کتاب ”اسکرپٹ“ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصنیف اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان ایک فکری پل ثابت ہوگی۔

پریس کانفرنس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کرپشن کی روک تھام اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ تجارت، آئی ٹی، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان 1957 سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور اب دونوں ممالک کو تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے مسلم دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا اور ہمیں خوشی ہوگی کہ اس صلاحیت کو دوبارہ زندہ کرنے میں ہم ساتھ دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More