ٹیلی کام انڈسٹری میں بڑی پیش رفت، یو فون نے ٹیلی نار خرید لیا

ہماری ویب  |  Oct 06, 2025

پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے یو فون نے ٹیلی نار پاکستان کو باضابطہ طور پر خرید لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان تمام قانونی، مالی اور انتظامی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے بعد ٹیلی نار پاکستان اب ایک الگ ادارے کے طور پر وجود نہیں رکھے گا اور مکمل طور پر یو فون کے ڈھانچے میں ضم کر دیا گیا ہے۔

یہ معاہدہ پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے مارکیٹ میں آپریٹرز کی تعداد میں کمی اور مقابلے کے نئے اصول متعارف ہونے کا امکان ہے۔

یو فون کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اس انضمام کے بعد صارفین کو بہتر نیٹ ورک کوالٹی، جدید ڈیجیٹل سروسز اور وسیع کوریج فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق صارفین کو کسی قسم کی سروس میں تعطل کا سامنا نہیں ہوگا اور تمام سسٹمز کو بتدریج یکجا اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ٹیلی کام ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں استحکام اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا، تاہم اس کے اثرات مسابقت اور قیمتوں پر آنے والے چند مہینوں میں واضح ہوں گے۔

واضح رہے کہ ٹیلی نار پاکستان نے 2004 میں اپنی سروسز کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ملک کے ٹیلی کام مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یو فون کے ساتھ انضمام کے بعد کمپنی کو ممکنہ طور پر "یو فون ٹیلی نار" کے نئے برانڈ یا متحدہ شناخت کے تحت متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More