پاکستان اور امریکا کے مابین نایاب معدنیات کی برآمد کے معاہدے پر پیش رفت، پی ٹی آئی کو تحفظات

ہماری ویب  |  Oct 06, 2025

واشنگٹن / اسلام آباد : پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی و اسٹریٹجک شراکت داری ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان نایاب معدنیات (Rare Earth Minerals) کی برآمد سے متعلق معاہدے پر عملی پیش رفت شروع ہوچکی ہے۔

تاہم، اپوزیشن جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے ان "خفیہ معاہدوں" پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ ہونے والے ان معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائے۔

امریکی کمپنی US Strategic Metals (USSM) نے ستمبر میں پاکستان کے ساتھ ایک یادداشتِ تفاہم (MoU) پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کمپنی پاکستان میں تقریباً 50 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے معدنی پراسیسنگ اور ترقیاتی تنصیبات قائم کرے گی۔

ذرائع کے مطابق، کمپنی نے اب اپنی پہلی کھیپ، جس میں معدنی نمونے شامل ہیں، امریکا بھیج دی ہے تاکہ اس منصوبے پر عمل درآمد کو آگے بڑھایا جا سکے۔

واشنگٹن میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی عالمی سطح پر نایاب معدنیات کی سپلائی چین میں شمولیت کی راہ ہموار کرے گا جو آج کی عالمی معیشت اور قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم شعبہ تصور کیا جاتا ہے۔

موصولہ معلومات کے مطابق، یہ نمونے پاکستان میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں اینٹمونی (Antimony)، کاپر کنسنٹریٹ (Copper Concentrate) اور نایاب زمینی عناصر نیوڈی میم (Neodymium) اور پراسیوڈی میم (Praseodymium) شامل ہیں۔

امریکی کمپنی USSM نے ایک بیان میں اس پیش رفت کو "پاکستان امریکا اسٹریٹجک شراکت داری کا سنگِ میل" قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق، یہ مفاہمتی یادداشت معدنی شعبے کی مکمل ویلیو چین "یعنی تلاش، پراسیسنگ، اور ریفائنریز کے قیام" پر دوطرفہ تعاون کا روڈمیپ فراہم کرتی ہے۔

USSM کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیسی ڈبلیو ہیسٹی (Stacy W. Hastie) نے کہا کہ: "یہ پہلی ترسیل پاکستان اور FWO کے درمیان تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور دوستی کے استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ہے"۔ پاکستان کے لیے، یہ معاہدہ عالمی سطح پر اہم معدنیات کی معیشت میں داخلے کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے، جو مستقبل میں اربوں ڈالر کی آمدنی، روزگار کے مواقع، اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا باعث بن سکتا ہے۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے ان معاہدوں کی مکمل تفصیلات قوم کے سامنے رکھی جائیں تاکہ شفافیت اور قومی مفاد کے تقاضے پورے کیے جاسکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More