شاہدرہ: لیکج کے باعث ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی، شہری جاںبحق، 9 زخمی

نوائے وقت  |  Mar 26, 2020

لاہور‘فیروزوالہ ( نامہ نگار‘نمائندہ خصوصی‘ نیوز رپورٹر) شاہدرہ موڑ کے قریب ایل پی جی ٹینکر گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک شہری جاں بحق جبکہ میاں بیوی اور وارڈن سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ آگ کی لپیٹ میں آکر قریبی پٹرول پمپ اور سینکٹروں گاڑیاں، بسیں، ویگنیں، کوسٹرز، مزدا ٹرک، رکشے اور موٹر سائیکل جل گئے۔ ریسکیو شاہدرہ کا عملہ تاخیر سے پہنچا آگ لگنے کے باعث ہونے والے دھماکے کی آواز کئی میل دور تک سنائی دی۔ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروںسے باہر نکل آئے۔ فائر بریگیڈ اور لاہور ریسکیو کے عملے نے آگ پر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔ آئل ٹینکر کا ڈرائیور گیس سے بھری ٹینکی چھوڑ کر گاڑی کا فرنٹ حصہ لے کر فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی سے بھری ٹینکی ڈرائیور شیخوپورہ سے گوجرانوالہ لے جا رہا تھاکہ شاہدرہ چوک ٹینکی سے گیس لیک ہونے لگی جس سے ڈرائیور نے گاڑی کو سڑک کے درمیانی حصہ میں کھڑا کر دیا اور ٹینکی چھوڑ کر ٹرک کی اگلی باڈی سمیت فرار ہو گیا۔ اسی دوران ٹینکی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے خوفناک دھماکہ ہوا، آگ کی لپیٹ میں آکر دس افراد محمد عظیم، اس کی بیوی زرینہ بی بی، محمد افضال، اخلاص احمد، ناصر محمود، محمد شریف وغیرہ جھلس کر زخمی ہو گئے۔ پینسٹھ سالہ زاہد عباس دم توڑ گیاجبکہ تین افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ آگ کی لپیٹ میں آکر پٹرول پمپ اور اس سے ملحقہ ویگن سٹینڈ میں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے کھڑی تین سو کے قریب گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ پٹرول پمپ کی دس مشینیں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ آگ کے شعلے دور دور تک نظر آئے اور ہر طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ ٹریفک کا نظام جام ہو گیا۔ امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کے56 اہلکاروں اور 15 فائر بریگیڈ نے حصہ لیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں ٹریفک وارڈن یاسر کے والد 65 سالہ زاہد عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ زاہد عباس ریٹائرڈ بینکر اور پنشن کی غرض سے شاہدرہ چوک میں موجو د تھے کہ آگ سے بری طرح جھلس کر دم توڑ گئے۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد ٹریفک وارڈن یاسر کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچے اور وارڈن کے والد کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق ڈی سی لاہور دانش افضال نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریکسیو ٹیموں کو موقع پر پہنچ کر تمام تر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More