جاپان کی ٹینس اسٹار نومی اوساکا فرنچ اوپن سے دستبردار

وائس آف امریکہ اردو  |  Sep 18, 2020

ویب ڈیسک — 

یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی جاپان کی ٹینس اسٹار نومی اوساکا نے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے فرنچ اوپن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اوساکا نے یہ اعلان جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ جاپانی ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وہ رواں برس فرنچ اوپن کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔

اوساکا کے بقول ان کے پٹھوں کی انجری بدستور برقرار ہے جس کی وجہ سے اُنہیں تیاری کا موقع نہیں مل سکے گا۔

یاد رہے کہ فرنچ اوپن کا آغاز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 27 ستمبر سے ہونے جا رہا ہے۔

نومی اوساکا ایونٹ سے دستبردار ہونے والی دوسری ٹینس اسٹار ہیں۔ اس سے قبل فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپئن ایچلی بارٹے نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث ایونٹ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

نومی اوساکا نے رواں ماہ یو ایس اوپن کے فائنل میں کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے جمعے کو اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ یو ایس اوپن کے فوری بعد فرنچ اوپن کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ تاہم وہ منتظمین اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی وبا کی وجہ سے رواں برس ہونے والا ومبلڈن منسوخ ہوا تھا جب کہ مئی میں شیڈول فرنچ اوپن کو ملتوی کر کے اسے 27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک شیڈول کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More