مزار قائد پر نعرہ بازی، پی ٹی آئی کی جانب سے کیپٹن صفدر، دیگر کیخلاف درخواست دائر

ہم نیوز  |  Oct 18, 2020

کراچی: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے مزار قائد پر حاضری کے دوران کیپٹن (ر) صفدر اور کارکنان کی جانب سے نعرہ بازی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کراچی کے تھانے بریگیڈ میں درخواست دائر کر دی۔

پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر کی جانب سے دائر کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر اور دیگر 200 افراد نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا اور یہ افراد پاکستان کے عوام کی دل آزاری کا سبب بنے ہیں۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بانی پاکستان کی قبر کا تقدس پامال ہوا جو کسی صورت برداشت نہیں۔

ذرائع کے مطابق تھانہ بریگیڈ میں جمع درخواست کی کاپی آئی جی سندھ  اور اپی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو ارسال کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آج مزار قائد پر حاضری دی۔

اس موقع پر مزار قائد کے احاطے میں ہی لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کر دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

لیگی کارکنوں کی نعرے بازی پر حکومتی وزرا اور مشیران برس پڑے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ نہ ان لوگوں کو اپنی تاریخ کا پتہ نہ اپنے محسنوں کی عزت کے آداب سے واقف، ان کو میاں صاحب کے علاوہ کسی کی عزت کرنی نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد کے مزار کی بے حرمتی کرنے پر ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ ان کو نہ اپنے محسن کا خیال ہے نہ ان کی تکریم ہے۔ مزار قائد پر کھڑے ہوکر سیاسی نعرے بازی کرنا سمجھ سے باہر ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی قوم اس کو دیکھ کر غصے سے بھرے ہوں گے۔ ن لیگ کو اپنے اس عمل پر معافی مانگنی چاہئے۔ ان کو جلسے میں اسٹیج پر کھڑے ہوکر معافی مانگنی چاہئے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے مزار قائد پر نعرے بازی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں نے مزارقائد کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ  مریم نواز جہاں بھی گئیں، قوائد و ضوابط اور سماجی اقدار کی پامالی ہی کی۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا کبھی بابائے قوم کے مزار پر ایسی بدتمیزی پہلے بھی کی گئی ہے؟ یہ بچے ہر چیز کی دھجیاں اڑاتے پھر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  بے ادب بے مراد۔ جن کی منزل مے فیئر اور مراد منی لانڈرنگ اور تجارت ہے، وہ مزارِ قائد پر بھی بے نقاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مفرور خاندان نے دولت بچانے کے لئے مزارِ قائد پر بے ادبی کی حد کردی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More