پیپلز پارٹی، ن لیگ کی نہیں مولانا فضل الرحمان کی فکر ہے: شیخ رشید

اردو نیوز  |  Jan 24, 2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی بالکل فکر نہیں ہے کیونکہ وہ اپنے مسئلے ٹھیک کرنے کے ماہر ہیں لیکن انہیں فکر مولانا فضل الرحمان کے بارے میں ہے کیونکہ وہ وہ بند گلی میں جا رہے ہیں۔

اتوار کو راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ نے حزب اختلاف کے حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہ ’آپ اپنی لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں۔ اسی طرح آئیں جیسے الیکشن کمیشن کے باہر آئے تھے۔ آپ کا استقبال کیا جائے گا، آپ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائے گی۔‘انہوں نے کہا کہ ’بندے اپنے لے کر آئیں اور قانون اور آئین کے دائرے میں آئیں، جو آپ کا حق ہے۔‘

 

شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے آج یہ مہم چلا رہے ہیں۔ میں نے کہا تھا یہ استعفے نہیں دیں گے، آ ج یہ استعفے نہیں دے رہے ہیں۔‘وفاقی وزیر داخلہ نے فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ جس بند گلی میں جا رہے ہیں اس میں مدرسوں کو نہ نقصان پہنچے۔‘

شیخ رشید نے براڈ شیٹ معاملے کے حوالے سے کہا کہ ’پہلے پاناما تھا اب پاناما ٹو آ گیا ہے۔ مجھے تو پتہ نہیں تھا کہ سات لاکھ اور 50 ہزار ڈالر شہباز صاحب نے نیب کو دیے ہیں اور نئی جائیدادیں نکلنے جا رہی ہیں۔‘

وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان سپریم کورٹ گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کو اوپن قرار دے دیا جائے۔ اس کا ایک اور حل بھی ہے کہ ساری پارٹیاں مل کر بیٹھے اور جتنے ووٹ ہیں اتنے امیدواروں کا فیصلہ کر لیں۔ تاکہ کوئی ووٹ نہ بکے اور جمہوریت مزید مستحکم ہو۔‘

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے تحرک عدم اعتماد لانے کے بیان کے حوالے سے کہا کہ ’میں کہتا ہوں ایک دفعہ چھوڑ کر سو بار لائیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More