ناسا کے ہیلی کاپٹر کی مریخ پر کامیاب پرواز

سماء نیوز  |  Apr 19, 2021

 امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایک چھوٹے ہیلی کاپٹر نے پیر کی صبح مریخ پر پہلی کامیاب پرواز کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق جب ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری تو ناسا کے ایک انجینئر نے خوشی سے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے ویسا ہی لمحہ ہے جیسا رائٹ برادرز کیلئے تھا۔‘

رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح تقریباً 3 بج کر 34 منٹ پر 4 پاؤنڈ کا روٹر کرافٹ چھوڑا گیا، جس نے مریخ کی سطح سے 10 فٹ اوپر پرواز کی اور 39.1 سیکنڈ کے بعد واپس آگیا، اس پرواز کے ذریعے ڈیٹا اور تصاویر 173 ملین میل (278 ملین کلومیٹرز) کے فاصلے سے زمین پر ناسا کو بھیجی گئیں جن کو مختلف انٹیناز اور آلات کی مدد سے 3 گھنٹے بعد کامیابی کے ساتھ وصول کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انجینیئرز کیلیفورنیا کی لیبارٹری میں بیٹھ کر اسکرینز پر نظریں جمائے ہوئے تھے جہاں تقریباً 6 سال سے اس منصوبے پر کام جاری تھا، ہال میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب انجینئر نے چیک لسٹ دیکھتے ہوئے بتایا کہ پرواز کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انجینویٹی (ہیلی کاپٹر) نے فوراً ہی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھیجی جو اس کے نچلے حصے میں لگے کیمرے سے کھینچی گئی تھی جس میں اس کا سایہ مریخ کی سطح پر کسی کیڑے کی طرح نظر آرہا ہے، جس کے بعد ایک رنگین ویڈیو بھی موصول ہوئی جس میں انجینویٹی سطح کے اوپر اور پرواز میں دیکھی جاسکتی ہے۔

کامیاب پرواز کے ساتھ ہی ٹیم لیڈر انجینیئر می می آنگ نے کہا کہ ہم مریخ پر اپنے رائٹ برادران لمحے کے حوالے سے بات کررہے تھے، جو کہ یہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More