رمیز راجہ پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

سماء نیوز  |  Sep 13, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ (پاکستان کرکٹ بورڈ) پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پیر 13ستمبر کو پی سی بی بورڈ آف گورننگ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے کی۔ اجلاس ميں 36ویں پی سی بی چيئرمين کا انتخاب کيا گیا۔

وزیراعظم کے 2منتخب ممبران، 4آزاد اراکین اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان اجلاس میں شریک ہوئے۔ وہ آئندہ تین سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں۔

پی سی بی کے پیٹرن اور وزیراعظم عمران خان نے27 اگست کو رمیز راجہ کے علاوہ اسدعلی خان کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا تھا۔ ان کے علاوہ عاصم واجد جواد، عالیہ ظفر، عارف سعید، جاوید قریشی اور وسیم خان (چیف ایگزیکٹو پی سی بی) بھی بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل احسان مانی پی سی بی کے چیئرمین تھے اور اپنی مدت پوری کرنے کے بعد انہوں نے عہدے پر مزید تین سال کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر رميز راجا نے وزيراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی جس ميں انہوں نے قومی سطح پر کرکٹ کی بہتری کے لیے روڈ ميپ اور دیگر تجاویز پيش کی تھیں۔

رمیز راجہ کو پی سی بی کا چیئرمین نامزد کیے جانے کے بعد قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کاچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔

دونوں کے عہدوں سے دستبرداری کے بعد عبدالرزاق اور ثقلین مشتاق کو عبوری کوچز بنایا گیا۔

رمیز راجہ کا کرکٹ کیریئر

رمیز راجہ نے 1984ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ 1997ء میں سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلا تھا، ان کا ون ڈے کیریئر بھی 1985ء سے 1997ء تک جاری رہا۔

وہ سال 2003 سے 2004 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں۔

رميز راجہ نے 57ٹيسٹ ميں 2833رنز اسکور کیے جس میں 2 سنچریاں اور 22 نصف سنچریاں بنائیں۔ 198 ون ڈے میچز میں رمیز راجہ نے 5ہزار841 رنز بنائے جس میں 9سنچرياں اور 31نصف سنچرياں ہيں۔

نئے پی سی بی چیئرمین رمیز راجا 1992ء کی ورلڈ کپ فاتح پاکستان ٹیم کا بھی حصہ تھے، جس کی قیادت عمران خان کر رہے تھے۔

رمیز راجہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ رمیز راجہ ایم سی سی کی موجودہ ورلڈکرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں۔ ان کا شمار دنیا کے معروف براڈ کاسٹرز میں ہوتا ہے۔

رمیز راجہ چوتھے کرکٹر ہیں جو پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ ان سے قبل سابق کرکٹرز عبدالحفیظ کاردار (77-1972)، جاوید برکی (95-1994)، اور اعجاز بٹ (11-2008) چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More