ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے کھلاڑیوں کے ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا

بول نیوز  |  Sep 15, 2021

ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے کھلاڑیوں کے  ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی سی اےکے 20 کھلاڑیوں سمیت کُل 191 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ مل گئے ہیں، ان 20 کھلاڑیوں میں سے11 کا تعلق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سے ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کامران غلام اور ساجد خان کو ترقی مل گئی ہے، ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے اعلان کے ساتھ ہی ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے 191 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چئیرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے سے موجودہ نظام مضبوط ہوگا اور اس سے متعلق شکوک و شبہات دور ہوجائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین کے اعلان کے مطابق  پی سی بی نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پانچ مختلف کٹیگریز میں شامل کھلاڑیوں کے ماہوار وظیفے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ کردیا ہے اور157 میچز پر مشتمل یہ سیزن 15 ستمبر سے 30 مارچ تک جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین کے کیے گئے اعلان کے بعد اے پلس کٹیگری میں شامل 10 کھلاڑیوں کی ماہوار تنخواہ اب اڑھائی لاکھ روپے ہوگئی ہے اور اے کٹیگری میں شامل 40 کھلاڑی اب ماہوار ایک لاکھ 85 ہزار روپے ملیں گے، بی کٹیگری میں شامل 40 کھلاڑی اب ایک لاکھ 75 ہزار روپے ، سی کٹیگری میں شامل 64 کھلاڑی اب 1لاکھ 65 ہزار روپے اور ڈی کٹیگری میں شامل 37 کھلاڑی اب ایک لاکھ 40 ہزار روپے ماہوار وصول کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پیشکش نہیں کی گئی ، وہ اپنی ایسوسی ایشن کے انتخاب کے لیے دستیاب رہیں گے اور وہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی میچ فیس ، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں اپنا حصہ وصول کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ  بہت ضروری ہےکہ ہم اپنے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو اچھی تنخواہ دیں تاکہ وہ اپنےکیرئیر اور اہلخانہ کی فکر کی بجائے تمام تر توجہ اپنی مہارت اور فٹنس میں بہتری لانے پر مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا فرض ہے کہ وہ ملک کے کرکٹرز کی دیکھ بھال کرے اور وہ اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہے تھے۔

رمیز راجہ کاکہنا ہے کہ  کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ ہمارے ڈومیسٹک  نظام کو مضبوط کرے گا، یہ ہمارے کرکٹرز کی فلاح و بہبود سے متعلق شکوک و شبہات  کو دور کرنے کا بھی باعث بنے گا۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے 191 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے  کنٹریکٹ پیش کیے ہیں، جس میں سی سی اے ٹو ڈے ٹورنامنٹس کے 20 کرکٹرز شامل ہیں، ان 20 کرکٹرز میں سے 11 کا تعلق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں سے ہے کیونکہ پی سی بی نہ صرف ان علاقوں کے ٹیلنٹ کو آزمانے کے لیے پرعزم ہے بلکہ انہیں قومی فریم ورک میں شامل کرنے میں بھی مصروف ہے۔

یاد رہے کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق پالیسی کے تحت پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر 2020 کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کامران غلام اور آف اسپنر ساجد خان کو بالترتیب سی اور اے کٹیگری سے ترقی دے کر اے پلس کٹیگری میں شامل کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ کامران غلام نےگزشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا 36 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ا تھا ،انہوں نے گزشتہ سیزن میں 1249 رنز بنائے تھے جبکہ آف اسپنر ساجد خان ایونٹ کے سب سے کامیاب باؤلر قرار پائے تھے۔ انہوں نے  67 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

AdPushup 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More