ایک عہد کا اختتام: ’رنز مشین‘ اے بی ڈویلیئرز ریٹائرڈ ہوگئے

اردو نیوز  |  Nov 19, 2021

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق 37 سالہ کرکٹر نے جمعے کو اپنے 17 سالہ کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔ انہوں نے 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی20 میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔

ایک بیان میں اے بی ڈویلیئرز کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک شاندار سفر رہا ہے تاہم اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے لوں۔‘

’کرکٹ میرے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل رہی ہے، چاہے میں ٹائٹنز کے لیے کھیل رہا ہوں، جنوبی افریقہ کے لیے یا رائل چیلنجرز بینگلور کے لیے، کھیل نے مجھے ناقابل یقین تجربات اور مواقع فراہم کیے اور میں ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔‘

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ’میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہر حریف کا، ہر کوچ، ہر فزیو اور ہر سٹاف ممبر کا جو اس سفر میں شامل رہے ہیں۔‘

’میں جنوبی افریقہ، انڈیا اور جہاں جہاں میں کرکٹ کھیلا ہوں، سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

’اور میں آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ سب کچھ میری فیملی، میرے والدین، میرے بھائیوں، میری اہلیہ اور میرے بچوں کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔‘

’میں زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے جارہا ہوں جس میں وہ میرے لیے سرفہرست ہوں گے۔‘

اے بی ڈویلیئرز کو ون ڈے میں تیز ترین، ففٹی، سینچری اور 150 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، وہ واحد بلے باز ہیں جن کے 100 سے زائد سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 50 سے زائد کی ایوریج ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More