ہم نےہزاروں پاکستانیوں کوآنکھیں دینےوالےملک کاشہری ماردیا

سماء نیوز  |  Dec 05, 2021

سری لنکا دنیا بھر میں اب تک 83 ہزار 200 آنکھوں کے عطیات دے چکا ہے جس کا 40 فیصد پاکستان کو پیش کیا گیا ہے۔

کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ اور سری لنکا آئی ڈونیشن سوسائٹی کے رکن ڈاکٹر نیازاحمد بروہی نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا سے پاکستان کو ملے آنکھوں کے عطیات کی تعداد تقریباً 35 ہزار ہے جبکہ ان میں سے 30 ہزار کراچی میں دیے گئے۔

پاکستان میں آنکھوں کے عطیات کے حوالے سے کوشاں ڈاکٹر نیازاحمد بروہی کا کہنا تھا کہ نابینا کو بینا بنانے کے لیے سری لنکا آئی ڈونیشن سوسائٹی کی جانب سے پاکستان کو دیے جانے والے عطیات کا سلسلہ سن 1967 سے جاری ہے۔

ڈاکٹر نیاز احمد بروہی نے بتایا کہ انہوں سری لنکن آئی ڈونیشن سوسائٹی کو ای میل پیغام بھیجا ہے جس میں انہوں نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ جمعہ کو سیالکوٹ میں ایک مشتعل ہجوم نے اسپورٹس ویئر فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمار کو توہین مذہب کے الزام پر تشدد کرکے ہلاک کرکے لاش کو نذر آتش کردیا تھا۔

اپنی ای میل میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان، سیاسی مذہبی جماعتیں اور پوری پاکستانی قوم اس اندوہناک واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر انتہائی شرمندہ ہیں۔

ڈاکٹر نیاز احمد بروہی پاکستان میں قرنیا ٹرانسپلانٹ پر کئی برسوں سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا دنیا کا واحد ملک ہے جو دنیا بھر میں آنکھوں کے عطیات دیتا ہے اور اس وقت دنیا کے 160 شہروں میں اس کے عطیات سے لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سب سے پہلا قرنیا ٹرانسپلانٹ اسپنسر آئی اسپتال میں ڈاکٹر ایم ایچ رضوی نے کیا تھا جو سری لنکا نے ہی عطیہ کیا تھا۔

ڈاکٹر نیاز بروہی نے سانحہ سیالکوٹ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئِے کہا کہ سری لنکن ہمیں آنکھیں عطیہ کرتے ہیں لیکن ہم نے اندھے پن کا مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More