وزیراعظم کا سری لنکن صدر سے رابطہ، ’ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی‘

اردو نیوز  |  Dec 05, 2021

وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پاکسا سے متحدہ عرب امارات میں ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو شہری پریا نتھا کمارا کے سیالکوٹ میں قتل کے حوالے سے قوم میں پائے جانے والے غم و غصے سے آگاہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔

سنیچر کی شام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے پیغام میں بتایا کہ ’ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاوا دنا کے گھناؤنےقتل پرسری لنکن عوام کےحوالےسےقوم میں پائےجانےوالےغم وغصےاور ندامت کےاظہارکیلئےمیں نےآج صدر گوتابایا راجا پاکسا سے متحدہ عرب امارات میں بات کی۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’ انہیں آگاہ کیا کہ سو سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور یہ یقین دلایا کہ ان سے قانون کےتحت نہایت سختی سےنمٹا جائیگا۔‘

سیالکوٹ میں پریانتھا دیاوادناکےگھناؤنےقتل پرسری لنکن عوام کےحوالےسےقوم میں پائےجانےوالےغم وغصےاور ندامت کےاظہارکیلئےمیں نےآج صدر گوتابایا راجاپاکساسے UAE میں بات کی، انہیں آگاہ کیاکہ سو سےزائدافرادگرفتار کئےجاچکےہیں اور یہ یقین دلایا کہ ان سے قانون کےتحت نہایت سختی سےنمٹاجایئگا۔

— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 4, 2021

یاد رہے سیالکوٹ میں وزیرآباد روڈ پر ایک نجی فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں ایک فیکٹری کے غیر مسلم غیر ملکی مینیجر پرانتھا کمارا کو تشدد کرکے قتل کیا اور آگ لگا دی تھی۔

قبل ازیں سری لنکا کے وزیراعظم اور صدر نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہلاکت پر شدید صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

سنیچر کو سری لنکن وزیراعظم اور صدر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کا کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ میں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کو ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔

سنیچر کو اپنی ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔‘

Shocking to see the brutal and fatal attack on Priyantha Diyawadana by extremist mobs in #Pakistan. My heart goes out to his wife and family. #SriLanka and her people are confident that PM @ImranKhanPTI will keep to his commitment to bring all those involved to justice.

— Mahinda Rajapaksa (@PresRajapaksa) December 4, 2021

’سری لنکا اور اس کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘

سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا نے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’وزیراعظم پاکستان عمران خان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔‘

سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More