سیالکوٹ واقعہ: وزیراعظم کا ملک عدنان کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان

سماء نیوز  |  Dec 05, 2021

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکن شہری کو جتھے سے بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تمغۂ شجاعت سے نوازیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی بہادری اور اخلاقی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر پریانتھا دیاوادنا کو پناہ دینے اور خود کو ڈھال بنا کر انہیں جنونی جتھے سے بچانے کی پوری کوشش کی تھی۔

دوسری جانب سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعے میں مزید 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ 13 مرکزی ملزمان کو ایک روزہ سفری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ملزمان کو کل گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق مقتول منيجر پر تشدد کرنے والے مزيد 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 124 ہوگئی ہے۔ مقتول منيجر کی ڈيڈ باڈی پير 6 دسمبر کو سری لنکا منتقل کيے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب پولیس کےترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل ڈیٹا سے 12 گھنٹوں میں مزید 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں چھپے ہوئے تھے، اب تک 124 گرفتار افراد میں سے 13 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے۔

گرفتار افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے، سانحہ سیالکوٹ میں 900 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More