افریقی ملک برکینا فاسو میں سال میں دوسری مرتبہ فوجی بغاوت، آئین معطل

اردو نیوز  |  Oct 01, 2022

افریقی ملک برکینا فاسو میں ایک فوجی کیپٹن نے ملک کے فوجی حکمراں لیفٹیننٹ کرنل پاؤل ہینری دمیبا کی حکومت کو برطرف کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں برس شورش زدہ مغربی افریقی ملک میں ہونے والی یہ دوسری بغاوت ہے۔

کیپٹن ابراہیم ترورے جو برکینا فاسو کے نئے حکمران ہیں، نے جمعے کو رات گئے سرکاری ٹیلی ویژن پر اعلان کیا کہ حکومت کو تحلیل کر دیا گیا ہے، آئین کو معطل کر دیا اور تمام سرحدوں کو بھی بند کر دیا گیا۔

کیپٹن ابراہیم ترورے نے کہا کہ افسران کے اسی گروپ نے لیفٹیننٹ کرنل پاؤل ہینری دمیبا کو ہٹایا جس نے جنوری میں ان کو اقتدار میں لانے کی مدد کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے حملوں پر قابو نہ پانے کی وجہ سے افسران نے ان کو اقتدار سے ہٹایا۔

افریقی ممالک مالی، چاڈ اور گِنی نے 2020 سے فوجی بغاوتیں دیکھیں۔ یہ خدشہ اب پیدا ہو گیا ہے کہ جس خطے نے گزشتہ ایک دہائی میں جمہوریت کو پنپتے دیکھا اب وہ واپس فوجی آمریت کی جانب جا رہا ہے۔

اس سے قبل ابراہیم ترورے اینٹی جہادسٹ سپیشل فورسز کے یونٹ ’کوبرا‘ کے سربراہ تھے۔

نئے فوجی حکمراں ابراہیم ترورے نے آئین کو معطل کیا۔ (فوٹو: روئٹرز)جنوری میں لیفٹیننٹ کرنل پاؤل ہینری دمیبا نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت اسلامی عسکریت پسندوں کے حملے روکنے میں ناکام رہی۔

تاہم ان کی انتظامیہ بھی حملوں روکنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔

برکینا فاسو عسکریت پسند تنظیموں القاعدہ اور داعش کے تشدد کا مرکز بن گیا ہے۔ تشدد کا آغاز ہمسایہ ملک مالی سے 2012 میں شروع ہوا جو دیگر مغربی افریقی ممالک تک بھی پھیل گیا۔

ملک کے دیہی علاقوں میں چھاپوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افراد اپنے علاقے چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

بغاوت کے بعد دارالحکومت میں سکیورٹی سخت ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)رواں ہفتے ملک کے شمالی حصے میں عسکریت پسندوں نے 11 فوجیوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ سویلین گاڑیوں کے قافلوں کے ساتھ جا رہے تھے۔ درجنوں شہری اب بھی لاپتہ ہیں۔

دی اکنامک کمیونٹی آف ویسٹ افریقن سٹیٹس نے فوجی بغاوت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More