فیفا ورلڈ کپ کا پہلا اَپ سیٹ، سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دے دی

اردو نیوز  |  Nov 22, 2022

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سی کے ایک میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اَپ سیٹ کر دیا ہے۔

منگل کو دوحہ کے لیوسل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح اپنے نام کی۔ 

میچ کا پہلا گول ارجنٹائن کی جانب سے لیونل میسی نے پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں پینلٹی کک پر کیا۔ 

اس کے جواب میں 48 ویں منٹ میں سعودی عرب کے صالح الشھری نے پہلا گول کر کے سکور برابر کر دیا۔

اس کے محض پانچ منٹ کے بعد ہی سالم الدوسیری نے سعودی عرب کا دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔

سعودی کھلاڑی محمد العویس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ارجنٹائن دو مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ سعودی قومی ٹیم اس سے قبل 5 مرتبہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے۔  

اس وقت سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر ہے۔

سعودی شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھی (فوٹو: اے ایف پی)منگل کو ہونے والے میچ کے دوران دوحہ کے لیوسیل سٹیڈیم میں 88 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے جس میں سعودی مداحوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ 

سعودی عرب کے سٹار پلیئر ریاض شراحیلی آج کے مقابلے میں شریک نہیں ہوسکے کیونکہ انہیں طبی نگرانی میں علاج کی ضرورت ہے۔

میچ سے قبل سعودی ٹیم کے فرانسیسی کوچ ریناد نے کہا تھا کہ قومی ٹیم پوری طرح سے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ 

دوسری طرف ارجنٹائن کے کھلاڑی میسی نے کہا تھا کہ قطر فیفا ورلڈ کپ ان کے سفر کی آخری منزل ہے جہاں سے وہ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا کریں گے۔ 

سعودی ٹیم گروپ سی میں ہے جس کے ساتھ ارجٹنائن، میکسیکو اور پولینڈ ہیں۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More