کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ الیکشن میں اپنے امیدوار کو پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ اعلان پی پی کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے وسیم اختر کے درمیان ایم کیو ایم بہادرآباد کے مرکز پرہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں کیا گیا۔ اس موقع پر پی پی کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے نامزد امیدوار سید وقار مہدی بھی موجود تھے۔
سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کی درخواست تھی کہ ایم کیو ایم کے امیدوار کو دستبردار کیا جائے، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کل ہم اپنے امیدوار کو دستبردار کرلیں گے۔
وسیم اختر نے کہا کہ 8 دسمبر کو سینیٹ کا الیکشن ہے، اسی سلسلے میں ناصر شاہ تشریف لائے ہیں، امید ہے وقار مہدی سینیٹر بن کر سندھ اور کراچی کے مسائل حل کریں گے۔
سندھ کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ایم کیو ایم دستبردار ہو گی تو وقار مہدی کل ہی سینیٹر بن جائیں گے، ایم کیو ایم کے علاوہ ان کے مقابلہ میں کوئی اور امیدوار نہیں تھا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا بات حتمی تھی ایم کیو ایم سے جو نامزد ہو گا اس کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنایا جائے گا، ایک دو دن میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹر تعینات ہو جائے گا، میئر کو با اختیار کر دیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے معاہدے پر پچھتا رہے ہیں، تحریک انصاف نے ڈیلیور نہیں کیا، وسیم اختر
پی پی رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اداروں کی جانب سے غیر سیاسی ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے، عمران خان آخری دم تک چاہ رہے تھے کہ ادارے غیر سیاسی نہ ہوں۔