برف ہٹانے والی مشین سے ٹکر، فلم اوینجرز کے اداکار کی 30 سے زیادہ ہڈیاں ٹوٹ گئیں

بی بی سی اردو  |  Jan 22, 2023

ہالی وڈ اداکار جیرمی رینر نے کہا ہے کہ سال نو کے موقع پر حادثاتی طور پر برف ہٹانے والی ایک مشین کی زد میں آنے سے ان کے جسم کی 30 سے زیادہ ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں۔

اپنی صحت یابی کے بارے میں ایک اپ ڈیٹ دیتے ہوئے فلم ’اوینجرز‘ کے اداکار نے ہسپتال کے بستر والی اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’صبح کی ورزش، اور نئے سال کے عہد سب نے اس نئے سال کو (میرے لیے) بدل کر رکھ دیا۔‘

امریکی ریاست نیواڈا میں اپنے گھر کے باہر برف صاف کرنے کے دوران رینر کو سینے میں شدید چوٹ اور آرتھوپیڈک زخم آئے۔

کئی دنوں تک ان کی حالت انتہائی نازک رہی۔

اداکار کی اس حادثے کے ایک ہفتے بعد سالگرہ تھی۔ اب وہ 52 سال کے ہو گئے ہیں۔ وہ مارول فرنچائز میں کمان اور تیر چلانے والے کلنٹ بارٹن/ہاک آئی کے کردار کے لیے مشہور ہیں۔

انسٹاگرام پر انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ ’میرے پورے خاندان کے لیے ایک صدمہ‘ تھا لیکن یہ ’قابل عمل محبت کو متحد کرنے‘ میں بدل گیا۔

انھوں نے کہا: ’یہ 30 سے زیادہ ٹوٹی ہوئی ہڈیاں ٹھیک ہو جائیں گی، مزید مضبوط ہوں گی، بالکل اسی طرح جیسے خاندان اور دوستوں کے ساتھ محبت اور رشتہ گہرا ہوتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

اداکاروں کی ذاتی معلومات لیک کرنے کا الزام: کیا ’ڈوکسنگ‘ کے خلاف پاکستان میں قانونی کارروائی ممکن؟

’شاید شہزادہ ہیری کو مشکل وقت میں دلیر مہندی کا ’ساڈے نال روو گے تے عیش کرو گے‘ سُن کر ہمت ملی ہو‘

https://twitter.com/JeremyRenner/status/1616816366417514496

انھوں نے یہ باتیں سب کے ’پیغامات اور فکر ظاہر کرنے‘ کے جواب میں شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھیں۔

بہت سی مشہور شخصیات نے رینر کے لیے امید افزا پیغامات لکھے ہیں۔ ان میں ان کے مارول کے ساتھی اداکار کرس ہیمس ورتھ اور کرس ایوانز بھی شامل ہیں۔

ہیمس ورتھ نے لکھا کہ ’آپ کا ایک چیمپیئن ساتھی ہیں! ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔‘

جبکہ ایونز نے پوچھا کہ 'کیا کسی نے سنوکیٹ (اس مشین) کو بھی چیک کیا ہے؟‘

ان کی صحت یابی کے بارے میں لوگوں کے احساسات کی وجہ سے ان کے ٹی وی شو 'میئر آف کنگسٹاؤن' کی تشہیری تصاویر میں ترمیم کی گئی تاکہ ان کے چہرے سے زخموں کے نشان کو ہٹایا جا سکے۔

یہ حادثہ امریکہ میں نئے سال کے طوفان کے بعد پیش آیا جس میں متعدد ریاستوں میں شدید برف باری ہوئی اور درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔

رینر نے خاندان کے ایک رکن کو بچانے کے لیے برف کو ہٹانے والی مشین استعمال کی جو اپنی گاڑی چلا رہا تھا لیکن وہ ان کے گھر کے قریب برف میں پھنس گیا تھا۔

واشو کاؤنٹی کے شیرف ڈیرن بالم نے اس وقت کہا کہ رینر نے کامیابی کے ساتھ کار کو نکال لیا تھا لیکن جب وہ باہر نکلے تو خالی ہونے پر برف ہٹانے والی گاڑی خود چلنے لگی۔

مسٹر بلام نے کہا کہ رینر ڈرائیور کی سیٹ پر واپس جانے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ اسے روکا جا سکے لیکن اس دوران وہ اس 'انتہائی بڑے' سامان کی زد میں آ گئے۔

کئی دنوں بعد رینر نے زخموں سے چور اپنے چہرے کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کہا گیا کہ وہ 'ٹائپ کرنے کے قابل نہیں‘ لیکن انھوں نے اپنے حامیوں کا ان کے 'ہمدردانہ الفاظ' کے لیے شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More