’پیسہ ڈبل کرنے کا جھانسہ‘: آسام میں سٹاک ٹریڈنگ کے نام پر ’اربوں روپے کا فراڈ‘، اداکارہ گرفتار

بی بی سی اردو  |  Sep 13, 2024

انڈیا کی ریاست آسام میں آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کے ایک مبینہ فراڈ میں پولیس نے معروف فلم سٹار اور کوریو گرافر سومی بورا اور ان کے فوٹوگرافر شوہر تارکک بورا کو گرفتار کیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں اسے 2200 کروڑ روپے مالیت کی جعلسازی کہا گیا ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ریاست میں کئی اور لوگوں کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ سومی بورا اس کیس میں ملوث ہیں اور ہو سکتا ہے کہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر جعلسازی کی گئی ہو۔

سومی بورا اور ان کے شوہر ایک ہفتے سے روپوش تھے جس کے بعد جمعرات کو پولیس کے مطابق مشرقی آسام کے شہر ڈیبرو کڑھ میں انھیں گرفتار کیا گیا۔

پولیس کی طرف سے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اس گھپلے میں ملوث نہیں اور ان کا ’میڈیا ٹرائل‘ کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف اس گرفتاری کے بعد ریاستی پولیس کے سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’ان کا کھیل اب ختم ہوا۔‘

اس بارے میں تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے زیادہ تفصیل سامنے نہیں آ رہی ہے۔ ایک تفتیش کار نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک کی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ اس میں کئی ہزار افراد کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

چونکہ یہ ٹریڈنگ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کے ساتھ رجسٹریشن کے بغیر کی جا رہی تھی اس لیے اس کے تحت لین دین غیر قانونی ہے۔ تفتیش کار کے مطابق یہ ممکن ہے کہ اس گھپلے میں پیسہ لگانے والے لوگ اسی لیے سامنے نہیں آ رہے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سٹاک ٹریڈنگ کے اس گھپلے کے ملزم بشال پھوکن سے پوچھ گچھ سے اب تک ’سو کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹرانزیکشن کا پتا چلا ہے۔‘

آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کا معاملہ کیا ہے؟

تفتیش کاروں کے مطابق اس گھپلے کا طریقہ کار یہ تھا کہ اس میں سرمایہ کاروں کا پیسہ کمپنیوں کے شیئرز میں لگایا جاتا تھا۔ جبکہ سرمایہ کار سے وعدہ کیا جاتا تھا کہ دو مہینے میں ان کے پیسے پر 30 سے 40 فیصد کا فائدہ ہو گا۔

پولیس کے مطابق سرمایہ کار کا پیسہ ’کاسمیٹک اکاؤنٹنگ کے ذریعے کچھ پرائیوٹ غیر درج شدہ کمپنیوں میں لگایا جاتا تھا تاکہ یہ کمپنیاں فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے کھاتوں میں خرد برد کر سکیں۔‘

امبانی کے بیٹے کی شادی: ’پاکستان سے آئے‘ مہمان پولارڈ کی شرکت پر بعض فینز ناراض’سیکس کے لیے خود کو دستیاب رکھیں‘: انڈیا کی وہ فلم انڈسٹری جہاں اداکاروں کو کام کے لیے ’سمجھوتہ‘ کرنا پڑتا ہے’اچھے دن اور بلٹ ٹرین کے خواب دکھا کر یہ پورن دکھا رہے ہیں‘عامر خان کی بیٹی کی شادی: نیکر بنیان میں دوڑتے ہوئے شادی ہال پہنچنے والا دلہا جو مشہور شخصیات کا ٹرینر ہے

اب تک کی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ابتدا میں گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے ان کے پیسے کو دگںا کرنے اور بازار سے کہیں زیادہ اچھا منافع دینے کا جھانسہ دیا۔

ان پر یہ بھی الزام ہے کہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے کچھ گاہکوں کو شروع میں اچھے پیسے دیے گئے تاکہ وہ دیگر لوگوں میں اس سکیم کو مشتہر کر سکیں۔

22 سالہ مرکزی ملزم بشال پھوکن پر آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کا کام شروع کرنے کا الزام ہے۔ وہ ایک کامرس گریجویٹ ہیں۔

تفتیش کاروں کے مطابق وہ سٹارک ٹریڈنگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر مشہور ہوئے تھے جس کے بعد انھوں نے اداکارہ سومی بورا سے رابطے کیا۔

پولیس کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بشال سے پوچھ گچھ کے دوران اداکارہ کا نام سامنے آیا۔

بشال نے مبینہ طور پر فلم انڈسٹری میں سومی کو استعمال کیا تاکہ وہ زیادہ پیسے لگانے والے گاہکوں کو راغب کر سکیں۔ پولیس کے مطابق سومی کی مدد سے بشال کو بڑی تعداد میں ایسے گاہک ملے جنھوں نے آن لائن ٹریڈنگ میں پیسہ لگایا۔

جبکہ سومی پر الزام ہے کہ انھیں نئے سرمایہ کاروں کے عوض کمیشن ملتا تھا۔

مقامی میڈیا نے ایک اعلی پولیس افسر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ’بشال نے سومی کو گاہک لانے کے محض دو مہینے میں بھاری کمیشن دیا۔ اس نے سومی کے ایک غیر ملکی دورے کے لیے مبینہ طور پر ڈھائی کروڑ روپے ادا کیے۔ اس نے سومی کو مہنگے کڑے خریدنے کے لیے بھی مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے دیے۔‘

دوسری طرف بشال سوشل میڈیا پر اپنے دبئی اور دوسرے ملکوں کے دوروں کی تصاویر شیئر کرتے تھے۔ بعض سرمایہ کاروں نے پولیس میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ وہ ’گاہکوں کا پیسہ مارکیٹ میں نہ لگا کر اپنے لگژری دوروں، مہنگی کاروں اور گھڑیوں پر لگا رہے تھے۔‘

ایک تفتیش کار نے بتایا کہ بشال کی تفتیش سے اب تک کم از کم 900 گاہکوں کا پتا چلا ہے۔ پولیس کو اندازہ ہے کہ مزید تفتیش سے چار سے پانچ ہزار گاہکوں کے نام سامنے آ سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق اسے اب تک 106 کروڑ روپے کے لین دین کی تفصیلات مل چکی ہیں۔

ایک تفتیش کار نے بی بی سی کو بتایا کہ کہ ’جب پولیس اہلکار بشال کے گھر اور دفتر سے سامان ضبط کرنے پہنچے تو وہاں لگژری گاڑیوں اور مہنگے سامان کا اتنا بڑا ڈھیر تھا کہ انھیں ضبط کرنے کے لیے اعلی افسران کو بلانا پڑا۔‘

دریں اثنا اداکارہ سومی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس گھپلے میں ملوث نہیں ہیں اور ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بارے میں چھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس کے سبب ان کی فیملی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

آسام میں آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کے اس گھپلے کی گونج ریاستی اسمبلی میں بھی سنائی دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ بہت گہرائی سے ہونی چاہیے تاکہ اس میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے۔

ریاست کے وزیر اعلی ہیمنت بسو اشرما نے کہا ہے کہ اس معاملے میں فلم انڈسٹری کے اور بھی کئی لوگ ملوث ہوسکتے ہیں مگر کسی کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

’سیکس کے لیے خود کو دستیاب رکھیں‘: انڈیا کی وہ فلم انڈسٹری جہاں اداکاروں کو کام کے لیے ’سمجھوتہ‘ کرنا پڑتا ہےعامر خان کی بیٹی کی شادی: نیکر بنیان میں دوڑتے ہوئے شادی ہال پہنچنے والا دلہا جو مشہور شخصیات کا ٹرینر ہے’کوریئر آپ کا پارسل ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو گیا‘: وہ مشکوک پیغام جو آپ کے بینک اکاؤنٹ کو خالی کروا سکتا ہےامبانی کے بیٹے کی شادی: ’پاکستان سے آئے‘ مہمان پولارڈ کی شرکت پر بعض فینز ناراضہیرا منڈی: سنجے لیلا بھنسالی کی نئی سیریز پر اہل لاہور کو اتنا غصہ کیوں ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More