ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کی رمضان ٹرانسمیشن "پیَارا رمضان" کی روح پرور محفل اس وقت جذبات سے لبریز ہو گئی جب معروف ثنا خواں شیری رضا اور نعت خواں احمد رضا قادری نے مرحوم عامر لیاقت حسین کی تحریر کردہ نعت پیش کی۔ پروگرام میں شریک تمام افراد، بشمول میزبان جویریہ سعود، اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کی رمضان نشریات ہر سال کی طرح اس بار بھی روحانی کیفیت، نورانیت اور عقیدت کے حسین امتزاج سے لبریز ہیں۔ "پیَارا رمضان" کے نام سے جاری اس ٹرانسمیشن کی میزبانی جویریہ سعود کر رہی ہیں، جہاں نعت خواں شیری رضا اور احمد رضا قادری اپنی خوبصورت آواز سے محفل کو معطر کر رہے ہیں۔
نشریات کے دوران جب عامر لیاقت حسین کی لکھی گئی نعت پڑھی گئی، تو پورا ماحول غم اور عقیدت کے جذبات میں ڈوب گیا۔ شیری رضا اور احمد رضا قادری نعت کے کلمات ادا کرتے ہوئے خود پر قابو نہ رکھ سکے اور اشکبار ہو گئے، جبکہ جویریہ سعود بھی ضبط کھو بیٹھیں۔ نعت کے دوران اسٹوڈیو میں موجود شرکاء بھی آبدیدہ ہو گئے، اور ایک گہری خاموشی چھا گئی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کی دیر تھی کہ بڑی تعداد میں مرحوم عامر لیاقت حسین کے مداح بھی انھیں یاد کر کے غمزدہ ہوگئے اور ان کی مغفرت کی دعائیں کرنے لگے۔