قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے سے متعلق خبروں پر لب کشائی کردی۔
نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے سابق فاسٹ بولر محمد عامر سے سوال کیا کہ وہ جلد برطانوی پاسپورٹ کے حامل ہوجائیں گے، جس کے بعد وہ انڈین پریمئیر لیگ کھیل سکتے ہیں، تو کیا ارادہ ہے؟۔
جس پر سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ اگلے سال تک مجھے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کا موقع ملا تو ضرور کھیلوں گا۔
میزبان نے عامر سے پوچھا کہ جب پاکستان میں آئی پی ایل کھیلنے پر تنقید کی جائے گی تو ان کا ردعمل کیا ہوگا؟، جس پر عامر نے جواب دیا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز پر آئی پی ایل میں پابندی تھی لیکن ہمارے سابق کرکٹرز کمنٹری کررہے تھے اور فرنچائز کے کوچ بھی بنے تھے۔
سابق کرکٹر نے انڈین پریمئیر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجر بنگلور (آر سی بی) کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ اسکی نمائندگی کرنا پسند کریں گے۔
اس موقع پر شو میں محمد عامر کے ساتھی احمد شہزاد نے کہا کہ رائل چیلنجر بنگلور کو گیند بازی کی پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے عامر جیسے بولر کی ضرورت ہے، وہ آر سی بی کو پہلا ٹائٹل جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔