پاکستان کی مشہور اداکارہ اور ماڈل صبا قمر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایسا خاص کام کیا کہ مداحوں کے دل جیت لیے۔
8 مارچ کو دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا، جس کا مقصد خواتین کی جدوجہد، کامیابیوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر معروف اداکارہ صبا قمر نے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے دیہی علاقوں کا رخ کیا اور ایک خصوصی پوسٹ کے ذریعے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔
صبا قمر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں وہ دیہی خواتین کے درمیان نظر آئیں۔ انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دیہات کی خواتین کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
پوسٹ کے کیپشن میں صبا نے لکھا، ’’ہر لڑکی اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی مستحق ہے۔ اگر مجھے میرے خوابوں کو پورا کرنے کا موقع نہ دیا جاتا، تو میں آج اس مقام پر نہیں ہوتی۔ ہر لڑکی کو یہ موقع ملنا چاہیے، بس ان پر یقین کرنے، ان کی حمایت کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘
صبا قمر نے مزید بتایا کہ وہ اس سال خواتین کے عالمی دن پر یونیسیف کی ’گرل گولز‘ مہم کا حصہ بن رہی ہیں۔ اس مہم کا مقصد لڑکیوں کی آواز سننا، ان کی قیادت پر یقین کرنا اور انہیں ایسے مواقع فراہم کرنا ہے جو ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔
صبا قمر کی یہ پوسٹ نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے بھی ایک متاثر کن پیغام تھی۔ ان کے اس اقدام نے خواتین کے حقوق اور ان کی خودمختاری کے لیے آواز بلند کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔