لیاری میں بلڈنگ گرنے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی جائے، وزیر بلدیات

ہماری ویب  |  Jul 04, 2025

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاری کے علاقہ بغدادی میں بلڈنگ گرنے کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی تین دن کے اندر اندر اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی برتنے والے افسران کی نشاندہی کر کے رپورٹ وزیر بلدیات کو پیش کرے جبکہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرکے فوری طور پر ریسکیو کام سر انجام دینے کی ہدایات دی ہے۔ سعید غنی نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ عمارت میں پھنسے ہوئے تمام لوگوں کو جلد از جلد ریسکیو کیا جائے، عمارت کے اطراف کی تمام رکاوٹوں کو دور کرکے ریسکیو آپریشن کو تیز سے تیز کیا جائے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام اداروں کے افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر اپنی نگرانی میں اس ریسکیو کام کو سرانجام دیں۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ہماری اولین ترجیح اس عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے پر مرکوز ہونا چاہیے۔ سعید غنی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دی ہے کہ اگر کوئی زخمی ملبے سے نکالا جائے تو اس کی فوری طبی امداد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عمارت گرنے کی وجوہات اور اس کے تمام اسباب کی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار نے عمارت گرنے کے واقعہ پر افسو س کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ زندہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مجوزہ قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے، ایسی صورت حال میں کوتاہی اور غفلت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More